دبئی: دبئی کی ایک عدالت نے ۲۰؍ کروڑ ڈالرز کے فراڈ میں ملوث ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو ملزموں کو پانچ ، پانچ سو سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔امارتی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق خصوصی عدالت نے گواکے رہنے والے سڈنی لیموس اور اس کے سینئر اکاؤننٹ ریان ڈی سوزا کو اتوار کے دن یہ سزا سنائی۔عدالت کے جج ڈاکٹر محمد حنفی نے سڈنی لیموس کی بیوی ولانی کو بھی اس عدم موجودگی میں ۵۱۷؍سال کی سزا سنائی ہے۔
وہ اس وقت آسٹریلیا میں ہے۔ان پر مجموعی طور پر ۷۳؍ کروڑ ۴۶؍ لاکھ امارتی درہم کے فراڈ میں ملوث تھے اور ان پر فوجداری مقدمے دائر کئے گئے تھے۔اس طرح انہیں مجموعی طور پر ۵۱۵۔۵۱۵؍ سال کی سزا بھگتنی ہوگی۔وہ اس سزا کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔اس کی منظوری کی صورت میں بھی انہیں دبئی کی الویر میں واقع سنٹرل جیل میں عمر قید سزا بھگتنی پڑے گی۔
یہ افراد ایگزنشیل نامی کمپنی کے مالکان تھے۔یہ کمپنی لوگوں کو بھاری منافع کا جھانسا دے کر رقومات ہتھیاتی ہے۔اس کمپنی کا صدر دفتر دبئی میں واقع ہے۔اس کمپنی نے لوگوں کو ۲۵؍ ہزار ڈالرز جمع کروانے کی صورت میں ۱۲۰؍فیصد سالانہ شرح کے حساب سے منافع دینے کا جھانسا دے کر رقوم وصول کی تھی۔اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تقریبا ۷؍ ہزار افراد ان لوگوں کے جھانسہ میں آکر اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئے تھے۔اس مقدمہ میں درخواست گذاروں کی پیروی کرنے والے ایک وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت سے مجرموں کے سزا یاب ہونے سے متاثرہ افراد سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی امید بھی پیداہوگئی ہے۔