دہلی بار کونسل الیکشن،ایڈوکیٹ حمال اختر کی کامیابی سے وقف بورڈ کی تشکیل نو کا راستہ صاف

نئی دہلی: دہلی بار کونسل کے الیکشن میں ایڈوکیٹ حمال اختر نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔کو نسل کے سبھی ۲۵؍ اراکین کی قسمت کا فیصلہ ہوچکا ہے۔حمال اختر واحد مسلم امیدوار ہیں جو کامیاب ہوکر آئے ہیں۔

الیکشن میں تقریبا ۵۳۷۰۰ ؍ ہزار ووٹرس تھے۔جن میں تقریبا تیس ہزار وکلاء نے ووٹ دیا تھا۔اہم بات ہے کہ دہلی بار کونسل الیکشن میں حمال اختر کے کامیاب ہونے کے بعد اب دہلی وقف بورڈ کی تشکیل نو کا راستہ صاف ہوگیا ۔کیوں کے عدالت نے بار کونسل الیکشن کے عہدہ پر حکم دیا تھا۔او رایل جی نے بھی اسی عہدہ کی بنیاد پر تشکیل نو کے پروسس پر روک لگا دی تھی۔اب نتیجہ آنے کے بعد ہائی کورٹ میں درخواست دی جائے گی ۔

اطلاع کے مطابق ہائی کورٹ کے معروف ایڈوکیٹ حمال اختر کو اس الیکشن میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ۔۱۷۳؍ امیدواروں میں دس مسلم امید وار بھی تھے۔اور جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ آگے بڑھتا گیا ۔ایک ایک کرکے سبھی ۹؍مسلم امیدوار باہر ہوتے گئے ۔ایڈوکیٹ حمال اختر کی کامیابی دو روز قبل ہی یقینی ہوگئی تھی۔مگر ان کی جیت کا اعلان آج شام کیا گیا۔