دہشت گردی کے خلاف تعاون سے اتفاق

صدر تاجکستان رحمانوف اور وزیراعظم مودی کی مشترکہ پریس کانفرنس
نئی دہلی ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان اور تاجکستان نے کہا کہ وہ ایسے پڑوسی ماحول میں رہتے ہیں جہاں کئی سیکوریٹی چیلنجس درپیش ہیں ۔ دونوں ممالک نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا اور دہشت گردی کو مالیہ فراہم کرنے اور رقمی خرد برد کے سلسلہ میں خفیہ معلومات کے تبادلہ کے معاہدہ پر دستخط کئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر تاجکستان امام علی رحمانوف نے مختلف موضوعات بشمول انتہا پسندی سے لاحق خطرات ، تجارت اور سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت کی ۔ دونوں ممالک نے جملہ تین معاہدوں پر دستخط کئے ۔ نریندر مودی نے ای رحمن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے باہمی معاہدوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا ۔ دہشت گردی سے نمٹنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی علاقہ میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے میں تاجکستان کے رول کی وہ ستائش کرتے ہیں ۔ رحمانوف نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے دنیا بھر میں تمام ترقیاتی کام متاثر ہوئے ہیں ۔ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا گیا ۔ دونوں قائدین نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں انٹرنیشنل دہشت گردی پر کنونشن کی منظوری یقینی بنانے کے لیے کوشش جاری رکھنے سے اتفاق کیا ۔