’دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ‘

چوتھی بمسٹک چوٹی کانفرنس کا اختتام، کٹھمنڈو اعلامیہ جاری، مملکتی و غیرمملکتی عناصر کی نشاندہی و جوابدہی پر زور

کٹھمنڈو ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اور بمسٹک تنظیم کے رکن دیگر چھ ممالک نے دہشت گردی کو بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا اور انتہائی سنگین خطرہ قرار دیا اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی غلط انداز میں حمایت کے ساتھ دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی، مدد اور مالیہ کے علاوہ محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والے ممالک اور غیرمملکتی عناصر کی نشاندہی کی شناخت کے ساتھ انہیں جوابدہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بمسٹک کی چوتھی دو روزہ چوٹی کانفرنس کے آج یہاں اختتام پر کٹھمنڈو اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی شرکت کی اور بشمول بمسٹک ممالک دنیا کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں پر سخت افسوس و مذمت کا اظہار کیا اور کہا کہ خواہ کچھ بھی ہو کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو حق بجانب قرار نہیں دیا جاسکتا۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’بمسٹک چوٹی کانفرنس میں آج کی کارروائی انتہائی ثمرآور اور نتیجہ خیز رہی۔ ہم گذشتہ روز کی تجاویز کے مطابق فیصلے کئے نیز مختلف شعبوں میں ہمہ رخی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنے عزم و عہد کا اعادہ کیا‘‘۔ کٹھمنڈو اعلامیہ میں کہا گیا ہیکہ ’’دہشت گردی اور منظم جرائم بشمول بمسٹک ممالک، بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے بدستور سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ اعلامیہ نے کہا کہ یہ تنظیم دنیا بھر میں کہیں بھی اور کسی بھی طرف سے کی جانے والی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتی ہے۔ کٹھمنڈو اعلامیہ نے جس کو اس تنظیم کے رکن تمام ممالک نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں صرف دہشت گردوں، دہشت گرد تنظیموں اور دہشت گرد نٹ ورکس کو ہی نہیں بلکہ ان تمام مملکتی اور غیرمملکتی اداروں اور عناصر کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں جوابدہ بنانا چاہئے جو نہ صرف دہشت گردوں اور ان کی سرگرمیوں کی بیجا تائید و حمایت کرتے ہیں بلکہ مالیہ اور محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی کے ذریعہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اس اعلامیہ میں اگرچہ کسی مخصوص ملک کا نام نہیں لیا گیا لیکن پاکستان کو ہی بالعموم ہندوستان اور اس کے دیگر پڑوسی ممالک دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کیلئے موردالزام ٹھہرایا کرتے ہیں۔ بمسٹک ایک علاقائی تنظیم ہے جس کے رکن ممالک میں بنگلہ دیش، ہندوستان، مائنمار، سری لنکا، تھائی لینڈ، بھوٹان اور نیپال شامل ہیں۔ چوٹی کانفرنس کے اختتام پر نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے اس تنظیم کی صدارت سری لنکا کے صدر مائتری پالا سری سینا کے سپرد کردی۔