دُبئی۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دُبئی میں تعمیر کیے گئے دنیا کے پہلے عظیم الشان ’القرآن پارک‘ کو عام عوام کے لئے کھول دیا گیا۔دبئی کے معروف علاقے ’الخوانیج‘ میں تعمیر کیے گئے دنیا کے اس منفرد میوزیم نما پارک کو ابتدائی طور پر2014 میں عام عوام کے لیے کھولا جانا تھا۔تاہم اس کی تعمیر اور اسے مقدس کتاب ’قرآن شریف‘ میں بیان کیے گئے واقعات اور احکامات کے مطابق تیار کرنے میں کچھ وقت لگا۔تاہم اب اس میوزیم نما پارک کو عام عوام کے لیے کھول دیا گیا۔دبئی میونسپلٹی کے مطابق اس پارک کی کوئی ٹکٹ نہیں اور یہ ہفتے کے ساتوں دن عوام کے لیے کھلا رہے گا۔’القرآن پارک‘ 60 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اسے مقدس میوزیم بھی کہا جا رہا ہے۔دبئی میونسپلٹی کے مطابق اس میوزیم نما پارک میں 12 باغات قائم کیے گئے ہیں جن میں قرآن شریف میں ذکر کیے گئے پھلوں کے درخت لگائے گئے ہیں۔ان پارکس میں قرآن شریف میں بیان کیے گئے انار، زیتون، انجیر اور کھجور سمیت دیگر پھلوں کے درختوں اور پودوں کو لگایا گیا ہے۔