ہند۔ فرانس حکمت عملی کے تعلقات میں مزید وسعت اور تحفظ ماحولیات کیلئے اقدامات سے اتفاق، مودی اور میکرون کی مشترکہ پریس کانفرنس
پیرس۔/3 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور فرانس نے دہشت گردی و انتہا پسندی سے لاحق چیلنج سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے فرانس کے نو منتخب صدر ایمنیول میکرون سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں حکمت عملی کی ساجھیداری اور باہمی تعلقات کے فروغ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیا گیا۔ دونوں قائدین نے فرانسیسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ایلسیسی محل میں ملاقات کی۔ وزارت خارجہ میں ترجمان گوپال باگلے نے دونوں قائدین کی چند تصاویر کے ساتھ پوسٹ کردہ ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ’’ ایک نئی گرمجوشی اور دوستی کے آغاز کیلئے دو قائدین کی ملاقات ۔ نریندر مودی نے پیرس میں فرانس کے نئے صدر ایمنیول میکرون سے ملاقات کی ۔‘‘ وزیر اعظم مودی اور صدر میکرون نے مختلف موضوعات پر وسیع تر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمگیر سطح پر دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’ آج کی دنیا کو درپیش مختلف چیلنجوں میں دہشت گردی ایک سب سے بڑا خطرہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت سے لاحق خطرات کو فرانس بھی اچھی طرح سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ دہشت گردی عیاں ہے بشمول ہند و فرانس ساری دنیا میں اس کے اثرات دیکھے جاریہ ہیں۔ ‘‘ دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے ساری دنیا کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔‘‘ وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران بالخصوص میکرون نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کو فرانس کی بھرپور تائید حاصل رہے گی۔‘‘ فرانسیسی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے سے اتفاق کرلیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ایک طویل عرصہ سے باہمی اور ہمہ رُخی سطحوں پر مشترکہ طور پر کام کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ خواہ تجارت اور ٹکنالوجی ہو کہ سرمایہ کاری اور اختراع و تجدید کاری، توانائی، تعلیم اور صنعت کاری ہو ہم چاہتے ہیں کہ ہند۔ فرانس تعلقات کو استحکام و فروغ دیا جائے۔‘‘ انھوں نے ہند اور فرانس کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مودی نے کہا کہ عالمی امن کیلئے متعدد ہندوستانی پہلی دو عالمی جنگوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ صدر میکرون نے دونوں عالمی جنگوں میں فرانس کی آزادی کیلئے قربانی دینے والے ہندوستانی سپاہیوں سے شکر و ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے میکرون کو دورہ ہند کی دعوت دی جس کو انھوں نے قبول کرلیا اور کہا کہ رواں سال کے اواخر میں وہ ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ قبل ازیں میکرو نے صدارتی محل میں مودی سے گرمجوشی کے ساتھ بغلگیر ہوتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ مودی اپنے چار قومی دورہ میں جرمن، اسپین، روس کا دورہ کرنے کے بعد فرانس پہنچے تھے۔