ہندوستان تنہا لڑے گا ، جئے گا ، کام کرے گا اور جیتے گا ۔ملک کے عوام مہاگٹھ بندھن کو آئی سی یو بھیج دیں گے
نئی دہلی ۔28 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورس کے حوصلے بلند ہوں گے ، کسی کو بھی ان کے جذبے اور حوصلے کو کمزور کرنے کا ہرگز موقع نہیں دیا جائے گا ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ ہماری سیکورٹی فورسیس مضبوطی سے ڈٹی رہے ۔ وزیراعظم مودی نے پاکستان کے جیش محمد دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنانے ہندوستانی فوج کی کارروائی کے جواب میں ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان لڑاکا طیاروں کی کارروائیوں کے ایک دن بعد کہا کہ ہندوستان ہرگز کمزور نہیں ہوگا ۔ ہندوستان تنہا لڑے گا ، جئے گا ، کام کرے گا اور جیتے گا ۔ اس کی ترقی کی سمت بڑھتے قدموں کو کوئی روک نہیں سکے گا اور ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹیں کھڑا نہیں کرسکے گا ۔ دشمن ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے دہشت گرد حملے کررہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ہماری ترقی رک جائے لیکن ہم اس کا مقابلہ کریں گے ،اس سے لڑیں گے ، زندہ رہیں گے اور کام کرتے ہوئے فتح یاب ہوں گے ۔
وہ ملک کے 15000 مقامات میں ایک کروڑ سے زائد بی جے پی ورکرس سے خطاب کررہے تھے ۔مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سال 2014ء کے انتخابات عوام کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ایک خطہ اعتماد تھا اور 2019ء کے انتخابات عوام کی تمناؤں کو پورا کرنے کیلئے ہوں گے ۔ ہندوستانی عوام تمام شعبوں میں سخت محنت کرتے ہیں اور وہ ان تمام کے ممنون و مشکور ہیں جو ملک کی حفاظت میں دن رات مصروف ہیں ۔ بعض لوگ اپنی مفاد پرستی کیلئے ایک مضبوط حکومت کو پسند نہیں کرتے ،اس لئے بی جے پی ورکرس کو چاہیئے کہ عوام کو بتائیں کہ ایک مضبوط حکومت کے فوائد کیا ہوتے ہیں ۔ آئی اے ایف کے پائیلٹ کو پاکستان کی جانب سے گرفتار کرلینے پر انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے یہ کہا گیا کہ انہوں نے ایک دوسرے ، جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے اپوزیشن پارٹیوں کے مہاگٹھ بندھن پر تنقید کی اور کہا کہ یہ گٹھ بندھن جلد دم توڑ دے گا ۔ ملک کے عوام اپوزیشن کے اس مہاگٹھ بندھن کو آئی سی یو منتقل کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2004 میں پارٹی کی ناکامی کی وجہ سے ملک کی ترقی ٹھپ ہوگئی تھی ، ترقیاتی کام بند ہوگئے تھے لیکن 2014ء کے بعد ہم نے کرپشن کا خاتمہ کردیا اور تجارت کو فروغ دیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن کا یہ مہاگٹھ بندھن دراصل مہاملاوٹ ٹولہ ہے ۔ وزیراعطز کے اس ویڈیو کانفرنس کے تعلق سے بی جے پی کا دعویٰٰ ہے کہ مودی کو ملک بھر میں تقریباً 10کروڑ عوام نے سنا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ عوام نامو ایپ کے ذریعہ اپنے سوالات روانہ کرسکتے ہیں ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے بھی مودی کی ویڈیو کانفرنس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ آئی اے ایف پائیلٹ کو واپس لانے پر وقت دینے کے بجائے وزیراعظم مودی اس ملک کی توانائی بی جے پی ورکرس پر صرف کررہے ہیں ۔ ایک ٹوئیٹ میں کجریوال نے کہا کہ وزیراعظم کو اس ویڈیو کانفرنس کو ملتوی کرتے ہوئے ہند۔پاک کشیدگی کو کم کرنے پر توجہ دینا چاہیئے ۔