نئی دہلی- آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، جماعت اسلامی ہند سمیت ہندستان کی معروف تنظیموں اور ملی قائدین نے عراق میں ۳۹؍ہندستانیوں کے قتل کی خبر پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیاہے اورہلاک شدگان کے اہل خانہ کی تعزیت کی ہے۔
میڈیاکو جاری بیان کے مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا 146146عراق میں داعش کے ذریعہ ۳۹ ہندستانی مزدوروں کے قتل کی خبر کو سن کر ہم سخت صدمے میں ہیں۔ہم ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔
ان مزدوروں کو گرفتار کیاگیا اور بعد میں عراق کے موصل شہر میں جون ۲۰۱۴ء میں قتل کردیاگیا۔ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت ہند حملہ میں مارے گئے ان افراد کے اہل خانہ کومناسب معاوضہ دے گی اور ان کے بیواؤں، بچوں اور اقرباء کوان کی آبادکاری کے لیے ضروری تعاون کرے گی۔
بیان میں مزید کہاگیاہے کہ ہم دہشت گردی اور تشدد کی سخت مذمت کرتے ہیں۔اسلام کی پاک تعلیمات کے مطابق انسانی زندگی کی بڑی حرمت ہے اور ایک بے قصور فرد کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے ہم معنیٰ ہے۔
اسلام دنیاکے تمام امن پسند شہریوں سے نفرت اور ناانصافی کے خلاف متحد ہونے اور دنیا میں امن و انصاف قائم کرنے کامطالبہ کرتا ہے۔
مشترکہ طورپرجاری
نوید حامد،صدر
آل انڈیامسلم مجلس مشاورت
نصرت علی،نائب امیر
جماعت اسلامی ہند
مفتی محمدمکرم، شاہی امام مسجد فتح پوری، دہلی
مولانا عبدالحمید نعمانی، جنرل سکریٹری، آل انڈیا یونائٹیڈ مسلم مورچہ
کمال فاروقی، ممبرمسلم پرسنل لاء بورڈ