ممبئی ۔ 29 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو شدت سے مطلوب گینگسٹر داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کو سینہ میں تکلیف کی شکایت کے بعد جے جے ہاسپٹل میں شریک کیاگیاہے ۔ انھیں تھانے کی جیل سے تھانے سیول ہاسپٹل لایا گیا ۔ انھوں نے سینہ میں تکلیف کی شکایت کے علاوہ دیگر کئی مسائل ظاہر کئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کاسکر نے اپنے رشتہ داروں کے سامنے اس اندیشہ کا اظہار کیا تھا کہ ان کے قلب پر حملہ کا اندیشہ ہے اور انھیں بعض سہولتوں کی ضرورت ہے ۔ بعد ازاں جیل حکام نے انھیں تھانے سیول ہاسپٹل میں شریک کیا اور وہاں معائنہ کے بعد انھیں دوبارہ جیل میں لایا گیا ۔ جیل پہونچنے کے بعد کاسکر نے مزید سینے میں شدید تکلیف کی شکایت کی ، انھیں یہاں سے سیدھے بمبئی کے جے جے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔