تھانے۔ ملک سے راہ فرا ر اختیار کرنے والا گینگسٹر داؤد ابراہیم اب بھی پاکستان میں ہی ہے ۔ جمعرات کے روزتھانے پولیس کرائم برانچ کے عہدیداروں نے بتایاکہ تفتیش کے دوران اقبال کاسکر نے اس بات کا خلاصہ کیاہے کہ داؤد اب بھی پاکستان میں ہی مقیم ہے۔
دوروز قبل تھانے پولیس نے کاسکر کو ممبئی سے گرفتار کیاتھا اس پر جبری وصولی کا ایک مقدمہ درج ہے۔تھانے پولیس کے ایک سینئر افیسر نے کہاکہ’’ کرائم برانچ کے علاوہ ائی بی کے عہدیداروں نے بھی اقبال سے پوچھ تاچھ کی ہے اور اس نے داؤد کہاں پر ہے اس کے متعلق بڑی جانکاری ہمیں فراہم کی ‘‘۔
پولیس افیسروں کے مطابق کاسکر نے 1993بم دھماکوں کے بشمول مختلف واقعات میں انتہائی مطلوب اپنے بھائی کے پاکستان میں موجود ہونے کی توثیق کی ہے۔کاسکر نے کہاکہ فون ٹیپنگ کے ڈر سے داؤد انڈیا میں موجود اپنے رشتہ داروں او راپنے لوگوں کو فون کال کرنے سے خوفزدہ ہے۔
کاسکر نے تفتیش کے دوران بتایاکہ وہ اپنے دوسرے بھائی انیس ابراہیم جو داؤد کے ساتھ رہتا ہے سے حالیہ دنوں میں چار یا پانچ مرتبہ بات کی ہے۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ کاسکر سے ملی جانکاری کے بعد تحقیقات میں مدد ملے گی تاکہ ممبئی ‘ نوے ممبئی اور تھانے میں داؤد گینگ کے لوگوں کی شکنجہ کسا جاسکے۔
پولیس کے مطابق داؤد کا ڈرگس کاروبار افریقہ اور ساوتھ امریکہ تک پھیلا ہوا ہے جبکہ ممبئی کے علاقے میں ریل اسٹیٹ کا کاروبار اس کا بھائی اقبال کاسکر دیکھ رہا ہے۔افیسر نے کہاکہ کرائم برانچ کی ایک ٹیم بہار بھی روانہ ہوا ہے جہاں سے ایک شوٹر کو طلب کیاگیاتھا تاکہ وہ شکایت کرنے والے کاروباری کو مارسکے۔
اقبال کی گرفتاری کے بعد دواور شکایت کنندگان آگے ائے ہیں جو ممبئی اور تھانے علاقے میں داؤد گینگ کی ہراسانی کاشکار ہوئے ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ کم سے کم ایک درجن لوگوں کی شکایت متوقع ہے۔عہدیدار نے کہاکہ پولیس شکایت کرنے والے کی مکمل حفاظت کی ذمہ داری لیتی ہے۔ کاسکر اور اس کے ساتھیوں پر داؤد کے نام سے ایک مشہور بلڈر کو مبینہ طور پر دھمکانے کا مقدمہ درج ہے ۔ سال2003میں کاسکر کو یو اے ای سے ہندوستان واپس بھیج دیاگیاتھا