پٹنہ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آج یہاں ایک خاتون کانسٹبل کی ڈینگو بخار کے باعث موت پر کئی زیرتربیت کانسٹبلس نے زبردست توڑ پھوڑ کی اور کئی دوسرے پولیس عہدیداروں کو شدید مار پیٹ کی جس کے باعث چند راؤنڈ فائرنگ کرنی پڑی۔ پولیس لائن کو جیسے ہی یہ خبر پہنچی کہ خاتون کانسٹبل ہسپتال میں فوت ہوچکی ہے، ٹرینی کانسٹبلس نے عہدیداروں کی گاڑیوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔ اس ہنگامہ آرائی میں دو ایس پی رینک کے پولیس آفیسرس سارجنٹ و ڈی ایس پی اور صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس منومپا راج نے جو فساد کو کنٹرول کرنے پہنچے تھے، جونیر آفیسر کو پولیس لائن میں داخل ہونے سے روک دیا کیوں کہ حالات نہایت کشیدہ تھے۔ احتجاجی کانسٹبلس کا الزام ہے کہ خاتون کو بیماری کے باوجود چھٹی نہیں دی گئی جس کے باعث اُس کی موت واقع ہوگئی۔