خاتون مسافر اور ڈرائیور میں ہاتھا پائی، بس دریا میں گر گئی ،13افراد ہلاک

بیجنگ ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی چین میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جو کئی لوگوں کی قیمتی زندگی تلف ہوجانے کی وجہ بن گیا۔ ایک مسافر بس میں ڈرائیور اور ایک خاتون مسافر کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی جو بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی کیونکہ وہ ایک ہاتھ سے اسٹیرنگ سنبھالے ہوئے تھا اور دوسرے ہاتھ سے ہاتھا پائی کررہا تھا۔ بس ایک پل سے گزر رہی تھی اور پھر اچانک پل کے نیچے بہہ رہے دریا میں جاگری۔ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہیکہ ایک خاتون مسافر ڈرائیور کے سر پر کوئی وزنی شئے سے حملہ کررہی ہے۔ ڈرائیور اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کررہا ہے اور صرف ایک ہی ہاتھ سے بس چلا رہا ہے۔ اچانک اس نے بس کو بائیں جانب موڑا جس کے بعد وہ ایک کار سے ٹکرائی اور پل کی ریلنگ توڑ کر دریا میں جاگری جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بس میں موجود 13 مسافرین ہلاک ہوگئے جن کی نعشوں کو دریا سے نکالا گیا ہے۔
حادثہ کے وقت بس میں 15 مسافر سوار تھے جن میں سے دو لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 48 سالہ خاتون مسافر جس اسٹاپ پر اترنا چاہتی تھی، کسی وجہ سے وہ اتر نہ سکی اور جب اسے محسوس ہوا کہ اس کا اسٹاپ بہت پیچھے رہ گیا ہے تو اس نے ڈرائیور سے بس روکنے کی درخواست کی لیکن ڈرائیور نے بس روکنے سے انکار کردیا جس کا نتیجہ دونوں کی ہاتھا پائی اور بالآخر قیمتی جانوں کے اتلاف کی صورت میں ظاہر ہوا۔ پولیس اس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔