حیدرآباد میں 54 جنکشن پر 20,000 کروڑ روپئے لاگتی ہمہ سطحی فلائی اوورس کی تعمیر

پہلے مرحلے میں کے بی آر پارک پر سنگ بنیاد ، پرانا شہر میں بھی فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے جنکشنس کی نشاندہی ، پراجیکٹ سے شہر میں نئے دور کا آغاز ہوگا : دتاتریہ
حیدرآباد۔ 3 جنوری (پی ٹی آئی) حیدرآباد میں ٹریفک کی آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنے کے مقصد حکومت تلنگانہ نے 20,000 کروڑ روپئے کے تخمینی مصارف سے 54 جنکشنس پر ہمہ سطحی فلائی اوورس کی تعمیر کا ایک پُرعزم پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان (ایس آر ڈی پی) کے ایک حصہ کے طور پر پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کیلئے کاسو برہمانند ریڈی (کے بی آر) پارک کے باب الداخلہ پر سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر محنت بنڈارو دتاتریہ، تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، تلاسانی سرینواس یادو، نائنی نرسمہا ریڈی، پی مہیندر ریڈی اور راجیہ سبھا کے رکن کے کیشو راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ راما راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کی آبادی پہلے ہی ایک کروڑ نفوس سے بڑھ گئی ہے اور کسی کو اس بات پر حیرت نہیں ہونی چاہئے کہ تمام شعبوں میں شہر کی تیز رفتار ترقی کے پیش نظرآئندہ دس سال میں یہ 10کروڑ ہوجائے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ’’اس حقیقت کو ملحوظ رکھتے ہوئے اور شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے 20,000 کروڑ روپئے کے مصارف سے سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ کسی کے تعاون کے ملنے یا نہ ملنے کی پرواہ کئے بغیر یہ پروگرام جاری رہے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پہلے مرحلے کے تحت کے بی آر پارک کے اطراف 510 کروڑ روپئے کے مصارف سے 6 جنکشنس پر ہمہ سطحی فلائی اوورس تعمیر کئے جائیں گے۔ اس کا مقصد گاڑیوں کی بلارکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانا اور حیدرآباد کو ایک عالمی شہر میں تبدیل کرنا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بشمول پرانا شہر ، حیدرآباد میں آئندہ تین سال کے دوران ہمہ سطحی فلائی اوورس کی تعمیر کیلئے 54 جنکشنس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ کے بی آر پارک کے باب الداخلہ، این ٹی آر کینسر ہاسپٹل، مہاراجہ اگرسین سرکل، فلم نگر چوراہا، روڈ نمبر 45 اور جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر پہلے مرحلے کے تحت کے بی آر پارک کے اطراف ہمہ سطحی فلائی اوورس تعمیر کئے جائیں گے۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ حیدرآباد کو ایک عالمی شہر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کا فروغ ناگزیر ہے۔ دتاتریہ نے کہا کہ ہمہ سطحی فلائی اوورس اس شہر میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔ بڑھتی ہوئی سہولتوں کے ساتھ ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔