حیدرآباد میٹرو ریل کے انٹر چینج اسٹیشن اہمیت کے حامل

میاں پور تا ایل بی نگر طویل ترین لائن کا اعزاز
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میں کاریڈار 1 ( میاں پور ۔ یل بی نگر ) کافی خصوصیت کا حامل ہے کیوں کہ تمام پراجکٹ میں یہ سب سے طویل میٹرو لائن ہونے کے ساتھ ساتھ اس ایک ہی کاریڈار پر دو انٹر چینج اسٹیشنس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ 29 کلو میٹر طویل یہ کاریڈار شہر کا مصروف ترین علاقہ ہے فی الحال امیر پیٹ تک 13 کلومیٹر کے فاصلہ پر میٹرو ریل چلائی جارہی ہے ۔ جب کہ ایک اور انٹر چینج املی بن بس اسٹانڈ کے پاس واقع ہے ۔ اور مابقی 16 کلو میٹر طویل امیر پیٹ ، یل بی نگر ، کاریڈار کافی اہمیت رکھتا ہے ۔ یل بی نگر سے سیدھے میاں پور ، لنگم پلی ، بی ایچ ای ایل ، پٹن چیرو علاقہ کو پہونچنے کے لیے سڑک کے ذریعہ دیڑھ تا دو گھنٹے لگتے ہیں اور یہ میٹرو لائن کے کام مکمل ہونے کی صورت میں اس مشکل کا حل نکل سکتا ہے ۔ ایل بی نگر تا میاں پور 45-40 منٹ کے اندر پہونچا جاسکتا ہے ۔ کاریڈار 1 میں فی الحال میاں پور تا امیر پیٹ میٹرو ریل چلائی جارہی ہے ۔ جب کہ حکومت نے میٹرو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امیر پیٹ تا ایل بی نگر میٹرو ریل کا آغاز جولائی کے اواخر تک کریں جس کے بعد عہدیداران نے کاموں میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ میٹرو اسٹیشن میں پہلی منزل پر واقع ٹکٹ سکشن اور دوسری منزل پر واقع پلیٹ فارم کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے البتہ سیڑھیوں ، لفٹوں اور ایسکلیٹرس کا کام آخری مراحل میں ہے ۔ جب کہ بہترین فٹ پاتھ تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ میٹرو عہدیداران کے مطابق 16 کلو میٹر کے فاصلہ پر بنائے جانے والے 16 میٹرو اسٹیشنوں کے کام 80 تا 85 فیصد مکمل ہوچکے ہیں ۔ شہر میں 72 کلومیٹر طویل تعمیر کردہ پہلی مرحلہ کے میٹرو پراجکٹ میں انٹر چینج اسٹیشنس کافی اہمیت اختیار کر گئے ہیں ۔ دو علحدہ کاریڈاروں کو مربوط کرتے ہوئے تعمیر کئے جانے والے انٹر چینج میٹرو اسٹیشنس کی تعمیر اعلیٰ پیمانہ پر کی جارہی ہے ۔ کیوں کہ ان اسٹیشنس کی تعمیر عالمی معیار اور اعلیٰ سہولیات کے ساتھ کی جارہی ہے ۔ یہاں سے نہ صرف سفر کیا جاسکتا ہے بلکہ شاپنگ کرنے کے لیے دکانات بھی تعمیر کئے جارہے ہیں اور روزمرہ کی ضروریات سے متعلق تمام اشیاء ان شاپنگ سنٹرس میں دستیاب رہیں گی اور بیک وقت میں ہزاروں مسافرین کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کے اعتبار سے اسٹیشنوں کی تعمیر کی جارہی ہے ۔۔