حیدرآباد : افغانی شہری سے رقم کاسرقہ کرنے والا جیب کترا گرفتار 

حیدرآباد : ساؤتھ زون ٹاسک فورس اور حسینی علم پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں تاریخی مکہ مسجد میں افغانی شہری کی جیب کاٹ کر ۱۴۰۰؍ امریکی ڈالر اور افغانی کرنسی اڑانے والے ایک جیب کترے کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ایس چیتنیا کمار نے کہا کہ گذشتہ سال ۲۹؍ دسمبر کو افغانستان سے تعلق رکھنے والے سید میر واعظ رحیمی اپنے ۶؍ سالہ بیٹے فیاض کی آنکھ کا آپریشن کروانے کی غرض سے ایل وی پرساد آئی ہاسپٹل آیا تھا جہاں اس کا لڑکا زیر علاج تھا ۔۴؍ جنوری کو تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے میر واعظ پہنچا او رمسجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک جیب کترے نے اس کا جیب کاٹ دی تھی ۔

جیب سے رقم غائب ہوجانے سے ایک شکایت درج کروائی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔ ٹاسک فورس ٹیم نے حسینی علم پولیس کی مدد سے مکہ مسجد کے احاطے میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی تفصیلی جائزہ لیا جس میں مرزا رحمت بیگ نامی جیب کترے کی نشاندہی کی گئی ۔پولیس فوری حرکت میں آکر رحمت بیگ کی گرفتار کرلیااور تفتیش کے دوران اس کا سرقہ کا اعتراف کرلیا جس کے نتیجہ میں پولیس نے اس کے قبضہ سے ۱۴۰۰؍ امریکی ڈالر اور ۵؍ ہزار افغانی کرنسی جس کی مالیت ایک لاکھ ہندوستانی روپے بتائی جاتی ہے برآمد کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ مرزا رحمت بیگ ساکن وٹے پلی ایک عادی جیب کترہ ہے اور اس نے سابق میں چندرائن گٹہ اور دوسرے مقامات پر اسی طرح کی ورادات انجام دے چکا ہے ۔

حسینی علم پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔