حکومت گائے کو قومی جانور کا موقف کیوں نہیں دیتی:مدنی

نئی دہلی ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جمعیتہ العلماء ہند کے صدر سید ارشد مدنی نے سوال کیا کہ آخر حکومت گائے کو قومی جانور کا موقف کیوں نہیں دیتی ۔ انہوں نے گاؤ رکھشاؤں کی دہشت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں خوف کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ۔ یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مدنی نے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا کہ حکومت کو چاہئیے کہ وہ گائے کو قومی جانور کا موقف عطا کرے ۔ ہم بھی اس کی تائید کریں گے ۔ جہاں کہیں ہجومی تشدد میں ہلاکتیں ہورہی ہیں چاہے وہ ہندو یا مسلمان ان کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندو بھی بیف کھاتے ہیں ۔ صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا ان کی توہین ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیری فارمنگ ترک کردیں۔