شفاف حکمرانی‘ 25 ہزار میگاواٹ برقی پیداوار‘ گھرگھرپانی کی سربراہی کیلئے اقدامات‘ یوم جمہوریہ تقریب سے گورنر نرسمہن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 جنوری( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت عوام کو کرپشن سے پاک نظم و نسق فراہم کرنے ریاست میں ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو پانی سربراہ کرنے ‘ سال 2018 ء تک ریاست تلنگانہ میں 25 ہزار میگا واٹس برقی پیداوار کو یقینی بنانے کے علاوہ تمام طبقات بالخصوص اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود پر 1100 کروڑ روپئے خرچ کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ آج یہاں سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں قومی پرچم کشائی انجام دیتے ہوئے گارڈ آف آنر کی سلامی لینے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اس بات کا انکشاف کیا اور ان تمام کوششوں میں کامیابی کے حصول کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے نوجوانوں کا برابر کا حصہ دار بننے اور نوجوانوں سے آگے آنے کی پرزور اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ گھر گھر پینے کے پانی فراہم کرنے مشن بھگیرتا پر عمل آوری کر رہی ہے ۔ بالخصوص’’ہمارا گاؤں ۔ ہمارا تالاب‘‘ پروگرام کے ذریعہ مواضعات میں پانی کا تحفظ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ گورنر نے مزید کہاکہ کئی ممتاز مجاہدین آزادی و ممتاز شخصیتوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں آج ہم یوم جمہوریہ تقریب منا رہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر نہ صرف اپنی مسرت کا اظہار کیا بلکہ اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشن کاکتیہ ‘ مشن بھگیرتا غریب عوام کے لئے ڈبل بیڈ دروم و وفلیٹس کے علاوہ کئی ایک ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے ۔ گورنر نے بتایاکہ حکومت نے اب تک جملہ 66 ہزار ڈبل بیڈ روم روم فلیٹس منظور کرچکی ہے اس کے علاوہ اسٹارٹپ ہب کی حیثیت سے حیدرآباد ترقی اور مقبولیت حاصل کر رہا ہے ۔
بلکہ ملک بھر میں میں سب سے بڑا اسٹارٹپ اینکیسوبیٹر ٹی ہپ بن چکا ہے ۔ صنعتی ترقی پر حکومت اولین ترجیح دے رہی ہے اور صنعتوں کے قیام کے لئے اور تلنگانہ میں سرمایہ کرنے والوں کو فی الفور منظوری دی جا رہی ہے اور اس کے لئے گرین چینل کے ذریعہ اقدامات کئے جا رہے ہیں بالخصوص دلت صنعتکاروں کو حکومت مکمل ہمت افزائی کی رہی ہے ۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے مالی امداد کی فراہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ غریب دلت وغیرہ طبقہ کی لڑکیوں کی شادی کے لئے کلیان لکشمی اسکیم کو متعارف کیا گیا ۔ اسی طرح غریب مسلم لڑکیوں کے لئے شادی مبارک اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے اس اسکیم کے لئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور اس اسکیم ’’شادی مبارک‘‘ کے ذریعہ حکومت نے اب تک 17000 اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کو 2015-16کے دوران مالی امداد فراہم کرتے ہوئے فائدہ پہونچایا گیا ۔ علاوہ ازیں مسلمانوں کے لئے عید رمضان اور عیسائی طبقہ کے لئے کرسمس تہوار کے موقعہ پر حکومت نے خود تہوار کا اہتمام کر کے غریب افراد میں ملبوسات وغیرہ کی تقسیم عمل لانے کے اقدامات کی ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے بونال ‘ بتکماں تہواروں کو بھی بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لانے کے اقدامات کئے گئے ۔ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب کے موقعہ پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی‘ کے سری ہری صدرنشین تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل سوامی گوڑ وزیر داخلہ نرسمہاریڈی ‘ وزیر کمرشیل ٹیکس سرینواس یادو ‘ وزیر آبکاری پدماراؤ گوڑ‘ وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی‘ نائب صدرنشین ریاستی منصوبہ بندی کمیٹی محمد فاروق حسین رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما ‘ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ گورنر ریاست تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ملک کی 29 ویں ریاست کے طور پر تشکیل پانے والی ریاست تلنگانہ نے غریب عوام کی فلاح و بہبود کو ہی اپنا ایجنڈہ بناتے ہوئے حکومت عوامی ستائش حاصل کر رہی ہے ۔
علاوہ ازیں گذشتہ 19 ماہ کے دوران حکومت عوامی ضروریات کی تکمیل پر اپنی اولین توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ اور اپنی تمام ترقیاتی اسکیمات و پروگراموں کو نچلی سطح تک عوام کو پہونچانے کے لئے شفافیت کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں شاہراہوں کی ترقی کے لئے 5424 کروڑ روپئے پنچایت راج کے تحت کی شاہراہوں کو ترقی دینے کے لئے 2421 کروڑ روپئے مختص کر کے خرچ کر رہی ہے ۔ اس تقریب میں وزیر برقی جگدیش ریڈی ‘ وزیر ٹرانسپورٹ مہندریڈی‘ وزیر جنگلات جوگورامنا ‘ وزیر فینانس ای راجندر‘ ارکان پارلیمان شریمتی کے کویتا ‘ جیتندر ریڈی ‘ ویشویشورریڈی‘ بی وی پاٹل ‘ کے علاوہ مشیران ریاستی حکومت مسرس اے کے گوئیل ‘ ودیاساگر راؤ ‘ رام لکشمن پاپا راؤکے علاوہ پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر نرسنگ راؤ ‘ پرنسپال سکریٹری جے اے ڈی آدر سنہا‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی ‘ کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نوین متل ‘ کمشنر پولیس مہیندریڈی‘ ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر راہول یوجا کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں شامل مختلف پلاٹونس میں پہلا مقام مدارس رجمنٹ دسویں بٹالین کو حاصل ہوااور تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس 17 ویں بٹالین کو دوسرا مقام حاصل ہوا ۔ این سی سی گرلز ‘ تلنگانہ سوشیل ویلفیر ریسیڈنشیل دستوں کو ترغیبی انعامات عطا کئے گئے ۔ اس موقعہ پر گورنر نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو پولیس میڈلس بھی عطا کئے ۔ قبل ازیں ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد اور چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ ‘ ڈپٹی چیف منسٹرس محمد محمود علی ‘ کے سری ہری ‘ چیف سکریٹری ‘ ڈاکٹرراجیو شرما ‘ ڈی جی پی انوراگ شرما کے علاوہ مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداروں نے خیرمقدم کیا ۔