علی مسقطی نے چیف الکٹورل آفیسر کو ثبوت پیش کئے
انتخابات کو شفاف بنانے فوری حذف کرنے نمائندگی
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی چارمینار میں 65ہزار 71 فرضی رائے دہندوں کی شناخت کی گئی اور ان کے فہرست رائے دہندگان سے اخراج کے بغیر انتخابات کا انعقاد عمل میں آتا ہے تو انتخابات کو شفاف قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ جناب علی بن ابراہیم مسقطی نائب صدر تلگو دیشم نے آج چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ رجت کمار سے ملاقات کرکے ایک یادداشت حوالہ کی جس میں فرضی ‘ مقفل مکانات ‘ دوہرے رائے دہندوں کے علاوہ متوفی رائے دہندوں کی تفصیلات حوالہ کیں اور خواہش کی کہ وہ فوری اس پر توجہ کرکے ووٹر لسٹ سے فرضی ناموں کو حذف کرنے اقدامات کریں۔ جناب علی مسقطی نے چیف الکٹورل آفیسر کو بتایا کہ حیدرآباد کے حلقہ جات اسمبلی میں فرضی رائے دہندوں کی شکایات کا جائزہ لینے جن عہدیداروں کو ذمہ داری تفویض کی گئی تھی انہوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی ہے اور نہ ہی فرضی رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے اقدامات کئے جس کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ انہو ںنے شواہد پیش کرتے ہوئے انہیں چیف الیکشن لمیشن کے اعلان پر توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ کو نقائص سے پاک بنانے اقدامات کئے جائیں تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے ۔ انہوںنے یادداشت میں تذکرہ کیا ہے کہ نئے ناموں کے اندراج کے علاوہ شناختی کارڈ کی اجرائی کے معاملہ میں کوتاہی سے کام لیا گیا ہے جس کے سبب فہرست رائے دہندگان میں کئی خامیاں برقرار ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ ووٹر لسٹ کی تنقیح کے دوران کی گئی شکایات کا جائزہ لینے اقدامات نہیںکئے گئے اور نہ ان شکایات کی یکسوئی کی گئی جبکہ ان کی یکسوئی کے ذریعہ کئی خامیوں کو دور کیا جا سکتا تھا۔ جناب علی مسقطی نے چیف الکٹورل آفیسر سے مطالبہ کیا کہ وہ حلقہ چارمینار میں 65ہزار 71 فرضی رائے دہندوں کی تحقیقات کرکے انہیں حذف کرنے کے اقدامات کریں تاکہ انتخابات میں شفافیت برقرار رہ سکے ۔