چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کسانوں میں رقمی چیکس تقسیم کریں گے
حیدرآباد۔/9مئی، ( سیاست نیوز) کسانوں میں پٹہ دار پاس بکس اور امدادی رقمی چیکس کی تقسیم کیلئے10مئی کو حکومت کے باوقار رعیتو بندھو اسکیم کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئیگا، اس سلسلہ میں حضور آباد منڈل شالہ پلی، اندرا نگر میں کل جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئیگا جس میں چیف منسٹر اس اسکیم کا افتتاح کریں گے اور کسانوں سے خطاب کریں گے۔ 10 مئی جمعرات کو چیف منسٹر کے دورہ حضورآباد اور ریتو بندھو اسکیم کے افتتاحی پروگرام کے پیش نظر ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کلکٹریٹ میٹنگ ہال کریم نگر میں ضلع کلکٹر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چیف منسٹر کے دورہ اور جلسہ عام سے متعلق وسیع تر انتظامات کریں کسی طرح کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے، ریاستی وزیر نے بتایا کہ چیف منسٹر کریم نگر کے تلنگانہ بھون سے خصوصی بس کے ذریعہ حضورآباد جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہوں گے، راستہ میں الگنور، مانا کنڈور، شنکر پٹنم اور حضورآباد میں تھوڑی تھوڑی دیر کسانوں سے ملاقات کریں گے اور پھر جلسہ گاہ پہنچیں گے جہاں چیف منسٹر کسانوں میں پٹہ دار بکس اور رقمی امدادی چیکس کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے رعیتو بندھو اسکیم کا افتتاح کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ کسی طرح کی کوتاہی نہ کی جائے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم حکومت کا ایک باوقار پروگرام ہے جو ملک میں مثالی ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر کے اس جلسہ عام میں شرکت کرنے والے کسانوں کو ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں، بالخصوص موسم گرما کے پیش نظر حضورآباد سے جلسہ گاہ تک سڑکوں کی دونوں جانب پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے، جلسہ گاہ کے اطراف ٹھنڈے پانی کیلئے بہتر اور موثر سہولت فراہم کی جائے، جلسہ گاہ میں ہر بلاک کیلئے ایک خصوصی عہدیدار کو مقرر کیا جائے جو کسانوں کی ضروریات کا خیال رکھے، متعلقہ عہدیداران آپس میں مشاورت کرتے ہوئے کسانوں کو بسوں میں بحفاظت جلسہ گاہ تک لائیں۔