حج سبسڈی ۔ ہندوستانی مسلمانوں کے مشورے پر عمل کیاجائے گا۔ 

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے بلاسبسڈی سستا حج اور گلوبل ٹنڈر کے مشورے کو عملی جامعہ پہنانے کا وعدہ کیا‘ امام عمیر احمد الیاسی نے کہاکہ مسلمانوں پر بہت بڑا بوجھ تھا جو اتر گیا‘ چودھری منور سلیم نے کہاکہ مودی حکومت اقلیتی بجٹ میں اضافہ کرے۔
نئی دہلی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر مودی حکومت کی جانب سے حج سبسڈی ختم کیے جانے پر جس طرح کے مثبت بیانات اور مشورے ائے ہیں اس پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملت اسلامیہ ہند کا شکریہ اداکیا ہے اور کہاکہ سبسڈی کے بغیر حج سستا کرایا جائے گا اور گلوبال ٹنڈر والے مشورے کو عملی جامعہ پہنایاجائے گا۔

انقلاب بیوروسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہاکہ سبسڈی کا فائدہ قطعی طور پر عازمین حج کو نہیں ملتا تھا‘ بلکہ درمیانی لوگوں اور کچھ کمپنیاں اس کا فائدہ اٹھاتی تھیں۔انہوں نے کہاکہ اقلیتی وزارت پہلے ہی اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل ہے تاہم اب حج سبسڈی کے پیسے ہیں وہ بھی ملت کے نوجوانو اور طالب علموں کو مضبوط کرنے اور انھیں خودکفیل بنانے پر خرچ کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پہلے حج سبسڈی تقریبا836کروڑ تھی لیکن موجودہ وقت میں ڈھائی سو کروڑ روپے ہی بچی تھی کیونکہ 2012میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سبسڈی آہستہ آہستہ ختم کی جارہی تھی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے امبارکیشن پوائنٹ کی قید کو بھی ختم کردیا ہے چنانچہ جہاں سے عازمین کو سستا سفر لگے وہا ں سے وہ سفر حج پر جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کشمیر سے جانے میں ایک لاکھ پچیس ہزار ہے تودہلی سے یہ سفر صرف50سے55ہزارمیں ہوتا ہے لہذا اگر کوئی یہا ں سے جانا چاہتا ہے تو اس کے لئے آزاد ہے ۔ دوسری جانب آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام احمد الیاسی نے حج سبسڈی ختم کیے جانے کے فیصلے کا استقبال کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں پر سبسڈی ایک بہت بڑا بوجھ تھی جو ختم ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ مسلمان حج پر اپنے جائز پیسے سے جانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غریب طبقہ سے وہ بھی پوری زندگی اپنی گاڑھی کمائی کے پیسے جمع کرتا ہے تاکہ وہ سفر حج پر جاسکے چنانچہ اس کی طرف سے یہ کبھی مطالبہ تھا ہی نہیں کہ اس کو حج کے لئے سبسڈی دی جائے ۔ امام الیاسی نے کہاکہ دوسری بات یہ ہے کہ امبارکیشن پوائنٹ کی آزادی دیکر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امورمختارعباس نقوی نے عازمین کو بہت بڑی راحت دی ہے۔

امام الیاسی نے کہاکہ مسٹر نقوی نے پانی کے جہاز سے سفر حج کی کوشش کی ہے اور اب سعودی حکومت سے انھیں ہری جھنڈی ملی ہے ‘ چنانچہ یہ بھی ایک بڑی کامیابی ہے جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سماجی وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور حج کمیٹی آف انڈیا کے رکن چودھری منور سلیم نے کہاکہ حج سبسڈی ختم کیا جانا اچھی بات ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہوگا کہ سپریم کورٹ نے اس سبسڈی کو جو اقلیتوں پر خرچ کرنے کی بات کہی ہے اس پر عمل ہوتا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہاکہ ائیر انڈیا کے لئے عازمین کو پابند نہیں کرناچاہئے بلکہ گلوبل ٹنڈر ہونا چاہئے تاکہ سستا سفرہوسکے۔