جی ایس ٹی لاگو ۔ خصوصی پارلیمانی سیشن کا انعقاد

 

نئی دہلی، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں آج رات پُرشکوہ خصوصی سیشن میں وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی اپنا سب سے بڑے بالواسطہ ٹیکس اصلاحی اقدام ’’گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس جی ایس ٹی ‘‘ اختیار کرنے میں قیادت کی۔ پارلیمنٹ کے تاریخی سنٹرل ہال میں وزیراعظم مودی نے جی ایس ٹی کو اچھا اور سادہ ٹیکس سسٹم قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ جی ایس ٹی سے بھلے ہی کچھ معمولی مسائل پیش آسکتے ہیں لیکن عوام جلد ہی سنبھل جائیں گے۔ ’’حتیٰ کہ آنکھوں کو تک نئی عینک سے ہم آہنگ ہونے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔‘‘ اس موقع پر ڈائس میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر محمد حامد انصاری، سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن اور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی بھی موجود رہے۔ مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ جی ایس ٹی شفاف اور منصفانہ سسٹم ہے جو کالادھن اور کرپشن کو روکتا ہے اور نئے گورننس کلچر کو فروغ دیتا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کو جی ایس ٹی کی شروعات کیلئے سجایا گیا اور نصف شب کے ساتھ ہی نئے ٹیکس سسٹم کو اختیار کیا گیا۔ پارلیمنٹ کا مڈنائٹ سیشن 14 اور 15 اگسٹ 1947ء کی درمیانی نصف شب کو ہندوستان کی آزادی کے لمحہ کی یاد تازہ کرتا ہے جب پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے تاریخی تقریر کی تھی۔