جھارکھنڈ۔سی ٹی اسکین کے لئے باپ کے پاس پچاس روپئے کی کمی کے سبب معصوم کی موت

رانچی:جھارکھنڈ پولیس کے مطابق باپ کے پاس پچاس روپئے کم ہونے کی وجہہ سے اسپتال میں ایک سال کے بچے کی موت کاواقعہ پیش آیا۔ مذکورہ لڑکے شیام کواتوارکے روز جھارکھنڈ کے راجندرا انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنس( آر ائی ایم ایس)میں اونچائی سے گرنے کے بعدسرپر لگی چوٹ کا علاج کرانے کی غرض سے شریک کیاگیاتھا۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق ہفتہ کے روزشیام کھیل کے دوران گھر کی چھت سے گرنے کیوجہہ سے اس کے سر پرچوٹ لگی تھی۔ بچے کوآر ائی ایم ایس میں7:31کے قریب داخل کیاگیا‘ جہاں پرڈاکٹرس نے سی ٹی اسکین کے لئے کہا۔

پولیس نے بتایا کہ سی ٹی اسکین کے لئے 1350کی رقم درکار تھی جبکہ شیام کے والدسنتوش کمارکے پاس صرف1300روپئے ہی تھے۔ پچاس روپئے کمی کے باوجودسنتوش کمار لیاب عملے سے اسکینگ کی درخواست کرتا رہا۔مگر لیاب عملے نے اسکین سے انکار کیا۔ والد نے اپنے دوست کوفون کیاجومزید پیسے لیکراسپتال پہنچا‘ مگر تب تک تاخیرہوگئی تھی۔اس وقت تک معصوم کی موت واقع ہوگئی تھی۔اسی طرح کے واقعہ میں ضلع گوملاکے اندرایک نومولود اوراسکی ماں اتوارکے روز فوت ہوگئی تھی۔