گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے وجئے واڑہ میں حلف دلایا ۔معمرین کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ کی فائیل پر پہلی دستخط
حیدرآباد۔30 مئی (سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے دوسرے چیف منسٹر کی حیثیت سے آج وائی ایس جگن موہن ریڈی نے حلف لیا۔ دونوں تلگو ریاستوں کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج دوپہر 12 بجکر 23 منٹ پر اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم وجئے واڑہ میں منعقدہ عظیم الشان تقریب میں جگن کو چیف منسٹر عہدے کا حلف دلایا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ، اسپیکر تلنگانہ اسمبلی پی سرینواس ریڈی، ڈی ایم کے قائد اسٹالن، جگن کی والدہ مسز وجیما، اہلیہ بھارتی تلنگانہ کابینہ کے تقریباً تمام وزراء بشمول وزیر داخلہ محمد محمود علی، جنرل سیکریٹری ٹی آر ایس و رکن پارلیمان ڈاکٹر کیشو راؤ، جگن موہن ریڈی کے دیگر افراد خاندان وائی ایس آر کانگریس قائدین بشمول ارکان پارلیمان و ارکان اسمبلی نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ جگن اپنی قیام گاہ سے کاروں کے قافلے کے ساتھ اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم پہونچے اور جگن کے اسٹیڈیم میں پہونچنے پر وائی ایس آر کانگریس قائدین ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پھول نچھاور کررہے تھے۔ جگن اسٹیڈیم میں پہونچنے کے بعد کھلی جیپ گاڑی میں عوام کے خیرمقدم کا ہاتھ ہلاکر اور دونوں ہاتھ جوڑ کو جواب دے رہے تھے۔ اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم وجئے وارہ زائد از گھنٹہ قبل ہی کھچاکھچ بھر چکا تھا۔ عوام کو ٹھہرنے کیلئے بھی جگہ نہیں تھی، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہوسکے لیکن ان تمام کیلئے اسٹیڈیم کے اطراف کثیر تعداد میں بڑے ایل ای ڈی ٹی ویز نصب کئے گئے تھے۔ تقریب صرف چند منٹوں میں ہی اختتام کو پہونچی۔
قبل ازیں چیف سیکریٹری آندھرا پردیش ایل وی سبرامنیم نے تقریب کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے گورنر نرسمہن سے جگن کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف دلانے کی خواہش کی اور حلف دلانے کے فوری بعد قومی ترانہ بڑھنے کے بعد حلف برداری تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے مہمانان خصوصی گیلری میں بیٹھے ہوئے جگن کے تمام افراد خاندان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور بعض سیاسی قائدین سے ملاقات کرکے واپس ہوگئے۔ جگن نے حلف برداری کے فوری بعد کسی فائیل پر پہلی دستخط سے کرنے سے متعلق عوام میں تجسس کو دور کرتے ہوئے سب سے پہلے معمرین کو پینشن سے متعلق فائیل پر دستخط ثبت کئے۔ اس موقع پر جگن نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر اپنی پارٹی کے انتخابی منشور میں معمرین کے وظیفہ کی رقم کو بڑھاکر 3,000 روپئے کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اس وعدہ کے مطابق ماہ جون کے وظیفہ کی رقم میں 250 روپئے اضافہ کرکے ادا کیا جائے گا۔ اس طرح ماہ جون سے معمرین کو 2,250 روپئے وظیفہ حاصل ہوگا۔ جگن نے دوسرے سال میں مزید 250 روپئے کا اضافہ کرکے 2,500 روپئے کرنے تیسرے سال میں مزید 250 روپئے کا اضافہ کرنے 2,750 روپئے کرنے اور چوتھے سال میں مزید 250 روپئے کا اضافہ کرکے جملہ 3,000 روپئے فراہم کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ انتخابات کے موقع پر دیئے گئے تمام تیقنات اور وعدوں کو پورا کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ جگن جب پہلی فائیل پر وظیفہ کی رقم میں اضافہ کرنے سے متعلق دستخط کررہے تھے اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم جگن کی تائید میں فلک شگاف نعروں اور تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔