جوبلی ہلز کے ایک کمرہ میں 114 کمپنیاں کام کررہی ہیں،30 کمپنیوں کا ایک ہی ڈائرکٹر

کارپوریٹ سیکٹر میں بڑی دھاندلیاں، مرکز سے خصوصی ہدایت کے بعدعہدیداروں کے دھاوے

حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز) کارپوریٹ سیکٹر اور کمپنی کا نام آتے ہی ذہن میں تصور پیدا ہوتا ہے کہ بڑا دفتر ہوگا، سینکڑوں ملازمین عالیشان عمارت اور معیاری فرنیچر ہوگا، لیکن حیدرآباد میں ایک ایسا مقام منظر عام پر آیا ہے جہاں ایسا کچھ بھی نہیں بلکہ ایک سادہ کمرہ میں کمپنی پائی جاتی ہے اور وہ بھی ایک یا دو کمپنیاں نہیں بلکہ راست 114 کمپنیاں ایک ہی کمرے سے چلائی جارہی ہیں۔ یہ ناقابل یقین حقیقت جوبلی ہلز کے علاقہ میں واقع ایک مال میں پیش آئی ۔ کمپنیوں کا پتہ ڈھونڈتے ہوئے اس کمرہ تک پہنچنے والے عہدیدار اس حقیقت کا سامنا کرنے کے بعد حیرا ن ہوگئے۔ تقریباً 8 عہدیداران کا ایک گروپ جو کمپنیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے پہنچا تھا اس کمرہ کو دیکھ کرکچھ دیر کیلئے حیرت زدہ ہوگیا۔ ایک کمرہ سے چلائی جارہی ان 114 کمپنیوں میں 50 کمپنیوں کی کوئی کاروباری سرگرمیاں نہیں پائی جاتیں اور یہ کمپنیاں مزید حیرت کہ 8 تا15 کروڑ کا نقصان بتارہی ہیں ۔ ان کمپنیوں کو صرف کمپنیوں کے درمیان نقدی فراہم کرنے کیلئے قائم کردہ شل کمپنیاں تصور کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کی جانچ میں ان کمپنیوں کو زرعی اراضیات جیسی جائیدادیں پائی جاتی ہیں اور یہ کمپنیاں ریٹرنس بھی داخل کرتی ہیں اور ان کمپنیوں کے ڈائرکٹر تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں اور ایک ڈائرکٹر 25 تا 30کمپنیاں چلاتا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ایک ڈائرکٹر 20سے زائد کمپنیوں کیلئے کام نہیں کرسکتا۔ تاہم ایک ہی پتہ پر 25سے زائد کمپنیوں کو چلایا جارہا ہے اور ایسی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے مرکز سے خصوصی ہدایت وصول ہوئی۔ اس ہدایت کے بعد یہ دھاوے انجام دیئے گئے۔ تاہم ان تمام کمپنیوں کیلئے اکاؤنٹنٹ کی ذمہ داری ایس آر ایس آر اڈوائزری سرویس نامی ادارہ ہی انجام دے رہا ہے۔