جمہوریت کھیل تماشہ نہیں ، اوباما کی ٹرمپ پر تنقید، ہلاری کی حمایت

امریکی شہریوں سے ریپبلکن امیدوار کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل۔ صدر اوباما کا 9/11 ایکٹ کو ویٹو کردینے کا ارادہ

واشنگٹن 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈونالڈ ٹرمپ پر شدید لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے امریکی صدر براک اوباما نے ریپبلکن صدارتی امیدوار کو وائٹ ہاؤس کے لئے ناموزوں قرار دیتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کوئی کھیل تماشہ نہیں اور الیکشن ریالیٹی ٹی وی شو نہیں ہوتا۔ اپنی سابقہ سکریٹری آف اسٹیٹ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزد امیدوار ہلاری کلنٹن کی پرزور تائید و حمایت کرتے ہوئے پرجوش اوباما نے کہاکہ قوم کا مفاد اسی میں مضمر ہے کہ وائٹ ہاؤس میں اُن کی جگہ ہلاری کو ملے اور نہ کہ سابق ریالیٹی ٹی وی اسٹار ٹرمپ کو۔ اوباما فلیڈلفیا میں الیکشن ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ آپ کو یاد رکھنا چاہئے کہ اگر آپ جمہوریت کے تعلق سے سنجیدہ ہوں تو آپ کو اس کی مطابقت میں عمل کرنا چاہئے۔ اس ریالی میں ہلاری شرکت نہیں کرسکیں کیوں کہ ڈاکٹروں نے اُنھیں چند یوم آرام کا مشورہ دیا تھا جبکہ اُنھیں نمونیا لاحق ہوجانے کا پتہ چلا تھا۔ اوباما نے الزام عائد کیاکہ ٹرمپ ہر روز ایسی باتیں کہتے ہیں جو صدر بننے کے لئے اُنھیں نااہل قرار دیتی ہیں۔ اِن ریمارکس پر ریالی میں موجود لوگوں نے ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے جس پر اوباما نے کہاکہ نعرے مت لگایئے بلکہ ووٹ دیجئے کیوں کہ نعرے لگانا بہت آسان ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز نیویارک میں 9/11 حملوں کے 15 سال کی تکمیل کے موقع پر ایک تقریب کے دوران اوباما نے کہاکہ اُن کا ماننا ہے کہ ہلاری ملک کی قیادت کے لئے موزوں ترین شخصیت ہیں۔ ہلاری کی صحت کا اُن کی صدارتی مہم پر اثر پڑنے سے متعلق سوالات کو مسترد کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری جاش ارنیسٹ نے کہاکہ میرے خیال میں اس سے کچھ خاص اثر نہیں پڑے گا کیوں کہ وہ اوول آفس میں صدر اوباما کی جانشین بننے کے لئے ملک میں موجود بہترین شخصیت ہیں۔ اِس دوران وائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہاکہ ریپبلکن اکثریت والے ایوان نمائندگان کی جانب سے اگر وہ بِل منظور کیا جاتا ہے جو امریکہ کے خلاف دہشت گردی کی حمایت کرنے والی مشتبہ بیرونی حکومتوں پر مقدمہ دائر کرنے کے لئے 9/11 حملوں کے متاثرین اور اُن کے رشتہ داروں کو اجازت فراہم کرتا ہے تو صدر اوباما اِس بل کو ویٹو کردیں گے۔ اِس ضمن میں بل کو گزشتہ ہفتہ ایوان نمائندگان میں متفقہ طور پر منظور کیا جبکہ 4 ماہ قبل سنیٹ نے اِسے منظوری دی تھی۔ وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری ارنیسٹ نے کہاکہ صدر اوباما اِس قانون سازی کو ویٹو کردینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اِس قانون سازی کی سعودی عرب نے پرزور مخالفت کی ہے جو 11 سپٹمبر 2001 ء کے دہشت گردانہ حملوں سے وابستہ 19 ہائی جیکروں میں سے 15 کا وطن ہے۔