سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات ۔ وزیر سیاحت جموں و کشمیر پریہ سیٹھی کا بیان
حیدرآباد۔ 28ڈسمبر(سیاست نیوز) دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے اور دہشت گردی کا سامنا کسی ایک ریاست یا مملکت کو نہیں ہے بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک دہشت گردی سے متاثر ہیں اور اس کا مقابلہ کیا جارہا ہے ۔جموں و کشمیر کی وزیر سیاحت مسز پریہ سیٹھی نے حیدرآباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے متاثرہ قرار دیتے ہوئے بدنام کیا جانا درست نہیں ہے کیونکہ جموں و کشمیر ایسی ریاست ہے جہاں گذشتہ ایک برس کے دوران سیاحوں کے خلاف کوئی ایک مجرمانہ واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ مسز پریہ سیٹھی نے کہا کہ ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور سال 2017کے اختتام تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاریہ سال 1کروڑ سے زائد سیاحوں نے وادیٔ کشمیر کی سیاحت کی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران مسٹر سرمد حفیظ سیکریٹری محکمہ سیاحت جموں و کشمیر کے علاوہ دیگر عہدیدار ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محترمہ پریہ سیٹھی نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں دہشت گردی پر قابو پانے کے کئی اقدامات کئے گئے ہیں او ر ہندستان میں دہشت گردی کو کشمیر تک محدود کرنا درست نہیں ہے ہاں اگر سیاسی اختلافات اور احتجاج کو امن و ضبط کا مسئلہ قرار دیا جاتاہے تو یہ بھی غلط ہے بلکہ اسے ریاست کے مثبت پہلو کے طور پر دیکھا جانا چاہئے کہ ریاست میں جمہوریت کتنی مستحکم ہے۔انہوں نے بتایاکہ جموں و کشمیر میں امن و ضبط کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے اور یہ دیکھا جا رہا ہے کہ جرائم کی شرح میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ ہندستان کے علاوہ پڑوسی ملک کے سیاح بھی بغرض سیاحت لوگ کشمیر کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کو دیئے گئے 1لاکھ کروڑ کے خصوصی پیاکیج میں خطیر رقم محکمہ سیاحت اور کشمیر میں سیاحتی فروغ کیلئے فراہم کی گئی ہے۔ جناب سرمد حفیظ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحوں کے تحفظ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کوئی خطرہ ہے بلکہ اگر سیاح کشمیر کا رخ کریں تو انہیں کشمیر کی خوبصورتی کا اندازہ ہونے لگے گا۔ سیکریٹری محکمہ سیاحت نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ اور جموں و کشمیر کے درمیان سیاحتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے علاوہ اسے فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور ان کوششوں کو بڑی حد تک کامیابی بھی مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو فلم صنعت کو کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں فلم بنانے کی دعوت دی جا رہی اور فلم شوٹنگ کیلئے درکار اجازت ناموں کیلئے حکومت جموں و کشمیر نے سنگل ونڈو سسٹم تیار کیا ہے تاکہ جلد از جلد یہ اجازت نامہ جاری کئے جا سکیں۔ اس موقع پر مسٹرمحمود اے شاہ ‘ سراج انصاری اور دیگر موجود تھے۔