جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر خاتون خودکش

بم برداروں کے حملہ کا اندیشہ ، سخت چوکسی کا اعلان
سرینگر ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریاست جموں و کشمیر میں اطلاعات کے بموجب غیر کشمیری خواتین خودکش بم برداروں کے حملوں کا اندیشہ ہے تاکہ وادی میں یوم جمہوریہ تقاریب متاثر ہوجائیں۔ دفتر آئی جی پی میں تمام ضلعی پولیس عہدیداروں نے ان اطلاعات کو گشت کروایا ہے اور ان سے اس موقع پر سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایک 18 سالہ غیرکشمیری خاتون کے خودکش دھماکہ کرنے کا اندیشہ ہے جبکہ کشمیر میں یوم جمہوریہ پریڈ ہورہی ہوگی۔ پریڈ کے مقام پر یہ دھماکہ ہوسکتا ہے۔ سمجھا جاتا ہیکہ یہ خاتون خودکش بم بردار پہلے ہی وادی پہنچ چکی ہے۔ ڈی جی پی ایس ڈی وید نے تاہم ان اطلاعات کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تیقن دیا کہ یوم جمہوریہ تقاریب کے موقع پر بے عیب صیانتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی پولیس سربراہ نے کہا کہ تمام جوابی نظام کارکرد ہیں۔ سی آر پی ایف کے ارکان عملہ نے کسی بھی بڑے سانحہ کو ٹالنے کیلئے ریلوے اسٹیشن پامپورہ کے قریب نصب ترقی یافتہ دھماکو آلہ جو پریشر کوکر کی شکل میں تھا دریافت کرکے اسے ناکارہ کردیا۔

 

جموں و کشمیر میں انکاؤنٹر ،عسکریت
پسند ہلاک ، کمسن کی جھڑپوں میں موت
سرینگر ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان چائیگند علاقہ ضلع شوپیان ریاست جموں و کشمیر میں ایک انکاؤنٹر کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ دونوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کئے گئے۔ دریں اثناء ایک 17 سالہ لڑکا ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے جبکہ احتجاجی مظاہرین اور فوج کے درمیان انکاؤنٹر کے مقام پر جھڑپ ہوگئی۔ شاکر احمد میر اور دیگر کئی افراد کو زخم آئے جبکہ فوج نے پلیٹ بندوقوں سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل داغے۔