سری نگر۔ ملک کی واحد مسلم اکثریتی ریاست جموں وکشمیر میں کسی خاتون نے بھی محرم کے بغیرحج پرجانے کے لئے درخواست نہیں دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این ائی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا نئی حج پالیسی کے تحت 45سال یا اس سے زیاد ہ عمر کی خواتین کے حج پر جانے کے لئے محرم کے ساتھ ہونے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ ہمیں جو 32ہزار332درخواستیں موصول ہوئی ہیں‘ ان میں کسی ایک خاتون نے بھی محرم کے بغیر حج پر جانے کی خواہش ظاہر نہیں کی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کے مطابق ملک بھر میں 1320خواتین نے محرم کے بغیر حج پر جانے کے لئے درخواستیں دی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ برس کے 31ڈسمبر کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں اس موضوع پر بات کرتے ہوئے اقلیتی امور کی مرکزی وزارت سے کہاکہ امسال بغیر محرم کے حج پر جانے کی خواہشمند خواتین کو قرعہ اندازی سے مستثنیٰ قراردیکر حج پر جانے کی اجازت دے دی جانی چاہئے۔ ریاستی حج کمیٹی کے عہدیدار نے یو این ائی کو بتایا‘ ہمیں ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے جس میں کسی خاتون نے بغیر محرم کے حج پر جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہو۔ تاہم ان کا کہناتھا خواتین کی ایک بھاری تعداد نے محرم کے ساتھ حج پر جانے کے لئے درخواستیں دی۔
قابل ذکر ہے کہ سال2014میں سعودی عرب نے نئی حج پالیسی مرتب کی جس میں اعلان کیاگیا کہ 45سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین بغیر محرم حج کے لئے آسکتی ہیں۔ لیکن ایک شرط یہ رکھی گئی تھی کہ ایسی خواتین کو گروپ میں آنا پڑے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی سرکار نے گذشتہ برس نئی حج پالیسی کا اعلان کرکے خواتین کے متعلق سعودی حکومت کے تین سال پرانے حکم میں اس کو شامل کرلیا۔ ریاستی حج کمیٹی کے ایکزیکیٹو افسر نے بتایا کہ بیشتر ریاستوں کے لئے ا س سا دوامبارکیشن پوائنٹس الاٹ کے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیسوں کی بچت کے لئے ریاست کے عازمین حج نئی دہلی امبارکیشن پوائنٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ سرینگر ائیر پورٹ سے جانے والے عازمین کو ایک لاکھ 9ہزار روپئے جبکہ دیلی سے جانے والوں کو 73ہزار روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کرے والے عازمین کو نئی دہلی از خود اپنے خرچے پر پہنچنا ہوگا۔ درایں اثناء ریاستی حج کمیٹی کے مطابق سال2018کے عازمین حج کی قرعہ اندازی حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ یعنی 19جنوری 2018کو مقررتھی۔ جس کے متعلق درخواست دہندگان نے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیڈ سے استفادہ اٹھایا ہے۔