جموں میں سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک ہلاک

بی ایس ایف نے دو پاکستانی چوکیوں کو تباہ کردیا، ڈائریکٹر جنرل رام اوتار کا بیان
جموں4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فوج نے جموں میں بین الاقوامی سرحد کے آر ایس پورہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور ایک درانداز کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔ فوج کا یہ دعویٰ پاکستانی فائرنگ میں ایک بی ایس ایف اہلکار کے ہلاک ہونے کے محض بارہ گھنٹے بعد سامنے آیا ہے ۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تقریباً 5.45 بجے شدید دھند کے باوجود آر ایس پورہ میں تعینات فوجیوں نے دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنادی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک درانداز کو صبح کے قریب سات بجے ہلاک کیا گیا جبکہ پورے علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر چہارشنبہ کو پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک جوان ہلاک ہوگیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں مغربی بنگال کے ہاپرا سے تعلق رکھنے والا 51 سالہ بی ایس ایف ہیڈکانسٹیبل آر پی ہازرہ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ اسے فوری طور پر ضلع اسپتال سانبہ منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شام کے تقریباً4 بجکر35 منٹ پر پاکستانی چوکی جوگر حیدر میں تعینات پاکستان
چناب رینجرز نے سانبہ سیکٹر کے ڈلما چک میں تعینات بی ایس ایف 173 بٹالین کو نشانہ بناکر شدید اور بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔

بی ایس ایف کی فائرنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان
بارڈر سیکورٹی فورس کے جموں فرنٹئر کے ڈائریکٹر جنرل رام اوتار نے آج کہا کہ بین الاقوامی سرحد پر آر ایس پورا سیکٹر میں فورس کی طر ف سے پاکستان کی اگلی چوکیوں پر کی گئی گولہ باری میں اُن کے فوجیوں کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔پاکستانی فائرنگ میں ہلاک بی ایس ایف کے جوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعداوتار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی ایس ایف کی جوابی کارروائی میں پاکستان کا بنیادی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوگیا ہے ، ان کے پیانل ، ہتھیاروں اور چوکیوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجیوں نے آج صبح پونے سات بجے کچھ مشتبہ سرگرمیاں دیکھ کر ایک درانداز کو للکارا اور جب وہ نہیں رکا تو اسے گولی ماردی۔گھنے کہر کی وجہ سے اگلے چند دنوں میں دراندازی کے واقعات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ مہلوک درانداز پاکستان کے سیالکوٹ کا رہنے والا تھا۔ بی ایس ایف کی ہمیشہ سے ہی سرحد پر امن برقراررکھنے کی کوشش رہتی ہے لیکن پاکستان ہمیشہ صورتحال کو خراب کرتا رہتا ہے۔