نئی دہلی : جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل محمد سلیم انجینئر نے جلال آباد میں افغانی سکھوں پر ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جلال آباد میں ہونے والے افغانی سکھوں پر ہوئے حملے کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔
اس حملے میں ۲۰؍ لوگوں کی جاں بحق ہوئی ہے۔جس میں سے ۱۰ ؍ سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں ۔محمد سلیم نے کہا کہ ہم ہلاک شدگان کے پسماندگان کے غم میں شریک ہیں اور زخمیوں کے لئے جلد شفا کی دعا کرتے ہیں ۔افغانستان کی سکھ برادری کا اس ملک کی ترقی میں ایک نمایاں حصہ ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اس حملہ کا مقصد افغان معاشرہ میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تشویش کی بات ہے کہ افغانستان آج اقوام متحدہ ، امریکہ اور یوروپ کی بین الاقوامی اجارہ داری کی ناکامی کی ایک علامت بن چکا ہے ۔
یہ بڑی طاقتوں کے دعویدار وہاں امن قائم کرنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔جماعت اسلامی ہند حکومت افغانستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ تمام شہریوں کی حفاظت فرمائیں ۔او رہم اقوام متحدہ او رعالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں انصاف و امن کے لئے سنجیدہ کوشش کریں اورافغانی عوام کے وقار اورخود مختاری کا احترام کریں ۔