جلال آباد میں ہندوستانی قونصل خانہ پر دہشت گرد حملہ، 9 افراد ہلاک

تمام ہندوستانی محفوظ، ڈھائی گھنٹے تک گھمسان لڑائی ، چھ حملہ آوروں کو افغان سیکورٹی فورسیس نے ہلاک کردیا
جلال آباد ؍ نئی دہلی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے شہر جلال آباد میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ پر بشمول خودکش بمباروں کئی انتہائی مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں بشمول ایک افغان سیکورٹی اہلکار افراد ہلاک ہوگئے اور چانسری کو نقصان پہنچا۔ نئی دہلی میں وزارت امورخارجہ نے کہا کہ سفارتی مشن میں تمام ہندوستانی محفوظ ہیں۔ حملہ میں ملوث چھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا اور دیگر چار عسکریت پسندوں کو افغان سیکورٹی فورسیس نے ہلاک کردیا۔ افغانستان میں ہندوستانی سفارتی مشن پر 2007ء سے تاحال یہ چوتھا دہشت گرد حملہ تھا۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے کہا کہ دہشت گرد حملہ میں ہندوستانی قونصل خانہ کو نقصان پہنچا ہے۔ ہندوستانی سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ افغان سیکورٹی فورسیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں 8 افغان شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تقریباً ڈھائی گھنٹہ تک فائرنگ جاری رہی اس دوران دستی بارودی گولوں اور بموں کے تقریباً 1,320 دھماکے ہوئے۔ دو ماہ قبل جنوری میں مزار شریف کے ہندوستانی سفارتی مشن پر دہشت گردوں نے ایسا ہی حملہ کیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سرامدپ نے نئی دہلی میں کہا کہ ’’جلال آباد کے ہندوستانی قونصل خانہ پر آج حملہ ہوا۔ عہدیداروں کے مطابق ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق دوپہر دیڑھ بجے انڈو تبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) مشتبہ نقل و حرکت محسوس کرنے کے بعد قونصل خانہ کے احاطہ میں فائرنگ کی تھی۔ واضح رہیکہ 3 جنوری کو مزار شریف میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ پر انتہائی مسلح دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جہاں 25 گھنٹوں تک لڑائی جاری رہی۔ اس دوران سفارتی عمارت میں گھسنے کی کوشش کرنے والے تمام دہشت گردوں کو افغان سیکورٹی فورسیس نے ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعہ کے چند دن بعد جنوری میں ہی داعش کے جہادیوں نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کے محاصرہ اور بندوقوں کے ذریعہ ہلاکت خیز لڑائی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔  ہندوستانی سفارتی مشن پر حملہ کرنے والوں کو ہلاک کرنے کے بعد سیکورٹی فورسیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کی ہے۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔