جاپان میں 100سے زائد مساجد میں سحری و افطار کااہتمام

ٹوکیو۔27مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جاپان میں رمضان انتہائی مذہبی جوش و خروش و مذہبی ہم آہنگی کیساتھ جاری ہے جہاں سو سے زائد مساجد میں سحری و افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ غیر ملکی مسلمانوں کی بڑی تعداد جاپان میںمساجد کی رونق میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں ، گزشتہ دنوں جاپانی صوبہ سائی تامہ میں افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی ۔یاشیوکی جامع مسجد کے قاری حافظ محمد رضوان یوسفی ہیں جو پانچ برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں، حافظ محمد رضوان یوسفی کا تعلق لاہور سے ہے اور گزشتہ 19 برسوں سے امامت کررہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ جیسے ہی رمضان کا آغازہوتا ہے مسجد میں رونقیں بڑھ جاتی ہیں ،بڑی تعداد میں لوگ مساجد کا رخ کرتے ہیں ، عصر کے بعد سے افطار کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں اور روز سینکڑوں مسلمان افطار کرتے ہیں ۔ رات کو تراویح کے کچھ دیر بعد سحری کی تیاری شروع ہوجاتی ہے جس میں بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود ہوتے ہیں حافظ رضوان نے مسلمانوں سے اپیل کی ہیکہ صرف رمضان میں نہیں بلکہ روز نماز کا اہتمام کریں کیونکہ عام دنوں میں فجر کی نماز میں کبھی انھیں اکیلے اپنے پانچ سالہ بیٹے کے ساتھ جماعت کرانی پڑتی ہے لہٰذا جو لوگ مسجد آکرنماز ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انھیں چاہیے کہ پانچ وقت کی نماز مسجد میں ادا کریں۔