جاپان میں سیلاب ،لاکھوں افراد کا تخلیہ

ٹوکیو ۔ /10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے شمال مشرقی علاقے میں آج اچانک سیلاب کی وجہ سے صورتحال انتہائی تباہ کن ہوگئی اور لاکھوں افراد کو اپنے گھروں کا تخلیہ کرنا پڑا جبکہ بے شمار لوگ لاپتہ ہیں ۔ سیلاب میں کئی افراد پھنس گئے اور ہیلی کاپٹرس کی مدد سے انہیں نکالا جارہا ہے ۔ ابراکی اور توچیگی میں سیلاب کے علاوہ مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ۔ شہر میں ہر طرف سائرن بجائے جانے لگے اور لوگ گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام منتقل ہونا شروع ہوگئے ۔ ٹوکیو کا شمالی شہر سیلاب کی زد میں آگیا اور کئی مکانات پانی میں بہہ گئے ۔ جانی نقصانات کی اطلاع نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کینوگوا ندی کا پشتہ ٹوٹنے کی وجہ سے پانی تیزی کے ساتھ شہری علاقوں میں داخل ہوگیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ تیز بارش نے صورتحال کو مزید ابتر بنادیا ہے ۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق 6900 مکانات کو نقصان پہونچا ہے ۔ ٹوکیو میں بھی زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔