جاریہ موسم گرما میں بے انتہا اضافہ کا امکان

آئندہ چند یوم میں 40 ڈگری تک درجہ حرارت پہنچنے کا خدشہ ‘ عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ

حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) جاریہ موسم گرما انتہائی شدید ہوسکتا ہے اور موسم گرما کے اواخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے جو کہ معمول کی گرمی سے بے انتہائی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔شہر میں جاریہ ماہ کے اواخر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے کیونکہ شہر کے کئی حصوں میں 23اور 24 فروری کو ہی 38 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا چکا ہے اور دوپہر کے اوقات میں دھوپ کی شدت اور گرمی کا احساس ہونے لگا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ایام میں جو درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے وہ معمول سے 5 ڈگری زیادہ ہے اور یہ درجہ حرارت عام طور پر اپریل کے دوسرے ہفتہ میں ریکارڈ کیا جاتا تھا لیکن اس سال گرمی کی شدت میں اضافہ ابھی سے ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جو کہ شہریوں کے لئے تکلیف کا سبب بننے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت40 ڈگری تک پہنچ جائے گا ۔ شہر حیدرآباد میں موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہناہے کہ یہ ایام موسم کی تبدیلی کے ہیں

اور ان ایام کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانا معمول کی بات ہے لیکن فروری کے آخری ہفتہ میں عام طور پر 32ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ 38 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کے بعد یہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں مزید2ڈگری کا اضافہ ہوگا اور اس فروری کے آخری ایام کے علاوہ ماہ مارچ کے ابتدائی ایام میں شدید گرمی ریکارڈ کی جائے گی جو کہ عام طور پر ماہ اپریل کے دوسرے ہفتہ سے ریکارڈ کی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ جلد موسم گرما کی شدت میں ہونے والے اضافہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں دھوپ اور شدید گرمی کے سبب عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے آخری ایام میں ریکارڈ کی جانے والی سردی کی لہر کے بعد ہی اس بات کا اندازہ کرلیا گیا تھا کہ شہر میں موسم گرما کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شہرو ریاست کے دیگر اضلاع میں ریکارڈ کی جانے والی اس موسمی تبدیلی کے منفی اثرات بھی ہوسکتے ہیں اسی لئے عوام کو اس موسم میں مکمل احتیاط کرنا چاہئے اور راست دھوپ سے بچنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ وافر مقدار میں پانی کے استعمال کو ممکن بنانے کی حکمت عملی تیار کرنی چاہئے ۔