ت65تالاب لبریز ، پانی خطرہ کے نشان سے اوپر

حیدرآباد۔22ستمبر(سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی حدود میں موجود 169تالابوں میں 65تالاب لبریز ہو چکے ہیں۔بلدیہ نے محکمہ ٔ آبپاشی کو مطلع کرتے ہوئے چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا اس اطلاع کے بعد محکمہ ٔ مال کے عہدیدار بھی چوکس ہو چکے ہیں۔65تالابوں میں پانی خطرے کے نشان کے اوپر پہنچ چکا ہے۔ حلقہ ٔ اسمبلی اپل میں موجود 11تالابو ںمیں4تالاب لبریز ہوچکے ہیں اور ان میں فاضل پانی جمع ہونے لگا ہے۔ اسی طرح حلقہ ٔ اسمبلی بہادر پورہ میں موجود میر عالم تالاب لبریز ہوچکا ہے اور اس تالاب میں بھی فاضل بارش کا پانی جمع ہونے لگا ہے۔ راجندر نگر اسمبلی حلقہ میں 5تالاب لبریز ہو چکے ہیں جن میں یلم چیروو (منی کنڈہ) پدّا چیروو(ابراہیم باغ) سلیمان چیروو(کاٹے دھن) پالے چیروو (کاٹے دھن) پلے چیروو (راجندر نگر) شامل ہیں۔حلقہ ٔ اسمبلی شیر لنگم پلی میں 26تالاب لبریز ہوچکے ہیں ۔ ان میں مادھاپور‘ حفیظ پیٹ‘ میاں پور‘ چندا نگر‘ مدینہ گوڑہ‘ کونڈہ پور‘ گوپن پلی‘ گچی باؤلی کے علاوہ دیگر علاقوں کے تالاب شامل ہیں۔ پٹن چیرو حلقہ اسمبلی میں دو تالاب لبریز ہوچکے ہیں اور ان میں فاضل پانی جمع ہے ۔ حلقہ ٔ اسمبلی کوکٹ پلی میں 13تالاب لبریز ہو چکے ہیں اور ان تالابوں سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ ان تالابوں کے پشتہ کو خطرات پیدا ہونے کے امکانات میں مسلسل بارش کے سبب اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔حلقہ ٔ اسمبلی قطب اللہ پور میں3تالاب لبریز ہو چکے ہیں اور ان سے پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے۔حلقہ ٔ اسمبلی ملکا جگری کے 9تالاب لبریز ہو چکے ہیںجن میں فاضل پانی جمع ہو چکا ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ اسمبلی کے 3تالاب لبریز ہو چکے ہیں ۔ جو تالاب لبریز ہیں ان کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔