تلنگانہ کی سرگرم سیاست میں ’’برہمنی‘‘ کی آمد! لوکیش نائیڈو کے مثبت اشارے

حیدرآباد۔3نومبر (سیاست نیوز) آنجہانی این ٹی راما راؤ کے خاندان کی دوسری خاتون این ٹی راما راؤ کی پوتری اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی بہو این۔برہمنی نائیڈو کو تلگودیشم پارٹی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جانے لگا ہے۔سابق میں این ٹی راما راؤ کی دختر پورندیشوری سرگرم سیاست میں رہتے ہوئے کانگریس میں مرکزی وزیر رہ چکی تھیں اور اب وہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں ہیں ۔تلنگانہ تلگودیشم پارٹی میں ریونت ریڈی کی بغاوت اور کانگریس میں شمولیت کے بعد تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے توسیعی اجلاس میں تلگودیشم پارٹی قائدین نے برہمنی نائیڈو کو تلنگانہ کی سرگرم سیاست میں اتارنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے اورکہا جار ہا ہے کہ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر این لوکیش نائیڈو آندھرا پردیش نے اس سلسلہ میں کہا کہ اگر برہمنی سرگرم سیاست میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے بلکہ وہ اس فیصلہ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ لوکیش نائیڈو کی جانب سے دیئے گئے اس اشارے کے بعد تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کا کہناہے کہ اگر آنجہانی این ٹی آر کی پوتری اور مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی بہو جو مسٹر این بالا کرشنا کی دختر ہیں تلنگانہ کی سرگرم سیاست میں سرگرم حصہ لیتی ہیں تو ایسی صورت میں پارٹی کو استحکام حاصل ہوگا۔