تلنگانہ و آندھرا پردیش میں رائے دہی جاری

حیدرآباد : تلنگانہ و آندھراپردیش میں رائے دہی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ عوام اپنے جمہوری حق سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے منتخبہ نمائندوں کے حق میں رائے کا استعمال کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں صرف لوک سبھا یعنی پارلیمنٹ کے انتخابات ہونے جارہے ہیں جبکہ آندھرا پردیش میں اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ میں پچھلے کچھ ماہ قبل اسمبلی انتخابات ہوچکے ہیں ۔ دونو ں ریاستوں میں پولنگ کا آغاز صبح سات بجے سے ہوچکا ہے ۔

تلنگانہ میں لگ بھگ ۲ کروڑ ۹۷؍ لاکھ رائے دہندگان ہیں ۔ جملہ پولنگ اسٹیشن 34,603ہیں اور ان میں 5,749نہایت حساس پولنگ اسٹیشنس ہیں ۔ حلقہ نظام آباد میں سب سے زیادہ امیدوار کھڑے ہیں ۔ یہاں پر جملہ 185امیدوار ہیں ان میں 178کسان ہیں ۔ یہاں پر زیادہ امیدوار وں کے پیش نظر ریاستی الکٹورل آفیسر رجت کمار نے یہاں کی پولنگ کا وقت دو گھنٹے بڑھا تے ہوئے ۸؍ بجے تک کردیا ہے ۔