عوام ناراضگی کا زبان سے نہیں ووٹ سے اظہار کرینگے : عام آدمی پارٹی لیڈر سومناتھ بھارتی کا بیان
حیدرآباد 7 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) عام آدمی پارٹی نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں انتخابات کے بعد معلق اسمبلی تشکیل پائیگی اور کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی ۔ پارٹی نے ریاست میںدہلی طرز کی حکمرانی کے نعرہ پر مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ دہلی کے رکن اسمبلی و جنوبی ریاستوں کے انچارچ سومناتھ بھارتی نے ادعا کیا کہ کے سی آر حکومت کے خلاف ریاست میں غیر معلنہ مخالف حکومت لہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار تلنگانہ میںحیرت انگیز نتائج آئیں گے ۔ یہ نتائج متوقع خطوط پر نہیں ہونگے ۔ یہ ہمارا احساس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو صورتحال تلنگانہ میں ہے ‘ جہاں بی جے پی نے کے سی آر کے خلاف علیحدہ اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں ‘ اور چونکہ تلگودیشم ‘ٹی جے ایس اور کانگریس کے مابین اتحاد ہوگیا ہے ایسے میں ریاست میںایک معلق اسمبلی تشکیل پائے گی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہی ہماری پیش قیاسی ہے ۔ ریاست میں انتخابات دلچسپ اور پر اسرار ہونگے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ کے سی آر حکومت کے خلاف شدید عوامی لہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ لوگ اس پر اظہار خیال نہ کر رہے ہیں لیکن بیالٹ باکس میں اپنی برہمی ظاہر کرینگے ۔ ہم اس بات کے منتظر ہیں کہ ریاست کے عوام یہاںنئی سیاست کے تعلق سے سوچنے لگیں۔ سومناتھ بھارتی نے قبل ازیں کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی ریاست کی تمام 119 نشستوں سے مقابلہ کریگی ۔ سومناتھ بھارتی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں اپنی حکومت کا طرز عمل منوالیا ہے ۔ اس کے پاس ایک آزمودہ طریقہ کار ہے جہاں سرکاری اسکولس میں تعلیمی معیارات ‘ خانگی اسکولس سے بہتر ہوگئے ہیں۔دہلی میں عالمی معیار کی نگہداشت صحت کی اسکیمات نافذ ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ سابق سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوفی عنان نے بھی دہلی میں اختیار کئے گئے طرز حکمرانی کی ستائش کی تھی ۔