تلنگانہ میں کانگریس حکومت بنائیگی ، کے سی آر سیاسی سنیاس لینگے

تلگو دیشم ، سی پی آئی اور ہم خیال پارٹیوں سے عظیم اتحاد کیلئے کوششیں جاری : اُتم کمار

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اُتم کمار ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد کے سی آر ’’سیاسی سنیاس‘‘ لے لیں گے جبکہ کے ٹی آر امریکہ کو لوٹ جائیں گے۔ کانگریس حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کیلئے نئی پی آر سی تشکیل دے گی۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کا تحفظ کرنے اور بدعنوان و ظالم ٹی آر ایس کو اقتدار سے دُور رکھنے کیلئے تلگو دیشم، سی پی آئی اور دوسری ہم خیال جماعتوں پر مشتمل عظیم اتحاد تشکیل دینے اور اقل ترین ایجنڈے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتحاد میں نشستوں کی تقسیم پر ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے مگر یہ بات طئے ہے کہ انتخابات کے بعد کے سی آر ’’سیاسی سنیاس‘‘ لے لیں گے اور کے ٹی آر امریکہ لوٹ جائیں گے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ شکست کے خوف سے کانگریس قائدین کو ڈراتے دھمکاتے ہوئے کانگریس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گزشتہ 4 دن کے دوران کانگریس کے ایک قائد کو جیل بھجایا گیا ہے، ایک قائد کو نوٹس دی گئی ہے۔ مزید دو قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ان اوچھی حرکتوں سے کانگریس ڈرنے اور گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ انتقامی کارروائیوں کا کانگریس ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ آئندہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی سب سے پہلے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ پہلے عبوری راحت کا اعلان کرتے ہوئے نئی پی آر سی تشکیل دی جائے گی۔ اس موقع پر پی آر ٹی یو کے صدر وینکٹ ریڈی کو کانگریس میں شامل کرنے کے بعد اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت ، ’’ایمپلائیز فرینڈلی حکومت ‘‘رہے گی۔ ٹی آر ایس کے ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں سرکاری ایمپلائیز اور ٹیچرس کو مکمل نظرانداز کردیا۔ مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی گئی ہے۔ کانگریس حکومت میگا ڈی ایس سی کا اعلان کرتے ہوئے 20,000 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کرے گی۔ اقتدار حاصل ہونے کے اندرون 6 ماہ اہل ٹیچرس کو ترقی دی جائے گی۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں ایک ٹیچر کا بھی تقرر نہیں کیا گیا۔ ایک لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا جبکہ 3 لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادیں ہیں لیکن صرف 10,000 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ اُتم کمار ریڈی نے وینکٹ ریڈی کا خیرمقدم کرتے ہوئے فوری اثر کے ساتھ انہیں پارٹی کا ترجمان نامزد کیا ہے۔