تلنگانہ میں مانسون کی 3 جون کو آمد ، شہر میں بارش ،موسم خوشگوار

افطار سے قبل ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ بارش سے روزہ داروں کو راحت ، کئی علاقوں میں برقی منقطع

حیدرآباد۔31مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ سے مانسون 3 جون کو ٹکرائے گا ۔ ماقبل مانسون آج شہر حیدرآباد میں افطار سے قبل اچانک موسلادھار بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار کردیا ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ تیز ہوائو ں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی بارش توقع ہے کہ 3 جون سے تلنگانہ میں شروع ہوجائے گی۔آندھرا پردیش ، تلنگانہ اور تملناڈو میں جنوب مغربی مانسون مزید پیشرفت کرے گا ۔ افطار سے عین قبل بارش نے جہاں شہریوں کو راحت فراہم کی وہیں محکمہ برقی کی جانب سے برقی سربراہی منقطع کئے جانے سے شہریوں کو کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑا اور شہر کے کئی مقامات پر دو گھنٹے سے زائد برقی سربراہی منقطع رہی جس کے نتیجہ میں عبادتوں میں خلل پیدا ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقوں میں سہ پہر سے ہی بادل منڈلانے لگے تھے لیکن 6بجے کے بعد مسلسل بارش کے باعث شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ دو گھنٹے سے بھی کم وقت کیلئے ہوئی اس بارش کے دوران شہر کے کئی علاقو ںمیں برقی سربراہی منقطع ہونے کے علاوہ اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ۔ ماقبل مانسون ہونے والی اس بارش سے نمٹنے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ناکامی اس وقت عیاں ہوگئی جب شہر کے مرکزی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب ٹریفک جام رہی اور ٹریفک کو معمول پر لانے کیلئے ٹریفک پولیس عہدیداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ گذشتہ دو یوم سے حیدرآباد میں درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرچکا تھا لیکن آج ہوئی اچانک بارش کے فوری بعد شام کے وقت درجہ حرارت 26ڈگری تک پہنچ گیا جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور جی ایچ ایم سی کے راڈر کے ذریعہ کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق جاریہ ہفتہ کے اواخر تک ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی اور تیز ہوائیں چلتی رہیں گی اور آئندہ ہفتہ کے دوران بھی یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔