تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے دکھاوے کی بھوک ہڑتال کی

نمس دواخانہ کا ریکارڈ بطور ثبوت جاری ۔ ٹی آر ایس ۔ بی جے پی و مجلس میں سہ رخی محبت کا ادعا ۔ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد /5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) صدر پردیش کانگریس ر اُتم کمار ریڈی نے تحریک کے دوران کے سی آر کی جانب سے دکھاوے کی بھوک ہڑتال کا الزام عائد کرتے ہوئے بطور ثبوت نمس ہاسپٹل کا ریکارڈ میڈیا کو جاری کردیا اور کہا کہ اس طرح کی بھوک ہڑتال کرنے سے کوئی فوت نہیں ہوتے ۔ منی پور کی خاتون شرمیلا نے اس طرح 16 سال تک بھوک ہڑتال کی تھی ۔ کے سی آر کو پاسپورٹ بروکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب ملک کے سرحدوں کی حفاظت کر رہے تھے تب پاسپورٹ دھوکہ دہی کے کیس میں کے سی آر جیل پہونچ گئے تھے ۔ آج اندرا بھون میں صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس میں سہ رخی محبت ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کی اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی تائید سے کامیابی کا منصوبہ تیار کرچکے ہیں ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کو فراموش کرنے والے کے سی آر و ٹی آر ایس کو مسلمان سبق سکھائیں تاکہ آئندہ کوئی جماعت مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ نہ کرسکے ۔ اُتم کمار نے تلگودیشم ‘کانگریس کے اتحاد کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کے سی آر کے اعتراض کو مسترد کردیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ زبان سنبھال کر بات کریں ورنہ کانگریس بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس 2009 میں تلگودیشم سے اتحاد کرچکی ہے ۔ جب کانگریس اتحاد کر رہی ہے تو کے سی آر کو کانگریس اور تلگودیشم پر تنقید کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے سی آر تلگودیشم کو مخالف تلنگانہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 2014 میں مجلس نے علحدہ تلنگانہ کی مخالفت کی تھی ۔ لیکن حیرت کی بات ہے تلنگانہ کی غدار مجلس آج ٹی آر ایس کی دوست جماعت بنی ہوئی ہے اور کانگریس ۔ تلگودیشم سے اتحاد پر اعتراض کیا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ظالم اور فرقہ پرست جماعتوں کی دوست جماعت ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے چار سیاسی جماعتوں نے عظیم اتحاد کا فیصلہ کیا ہے جس کو عوام کی مکمل تائید حاصل ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم اتحاد سے 50 فیصد ووٹ دونوں جماعتوں کے حصہ میں آگئے ہیں ۔ جس سے کارگذار چیف منسٹر خوفزدہ ہے اور دونوں جماعتوں کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اُتم کمار نے کہا کہ کے سی آر کی ساری زندگی جھوٹ پر مبنی ہے ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران انہوں نے جھوٹی بھوک ہڑتال کی ہے ۔ انہوں نے نمس ہاسپٹل ریکارڈس میڈیا کو پیش کردئے جو موضوع بحث بنے ہوئے ہیں اور کہا کہ اس طرح کی بھوک ہڑتال سے کوئی مرتا نہیں ہے ۔ منی پور کی ایک خاتون شرمیلا نے 16 سال تک اس طرح کی بھوک ہڑتال کی ہے ۔ اس ہڑتال سے کے سی آر کی صرف داڑھی تھی اور کچھ نہیں ہوا کے سی آر نے کھمم کے دواخانے میں اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی تھی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کے خوف سے بھوک ہڑتال تماشہ کیا ہے ۔ اُتم کمار نے کہا کہ 29 نومبر 2009 کو ہریش راؤ کی جانب سے خودکشی کا ناٹک نہیں کیا جاتا تو نوجوان خودکشی نہیں کرتے تھے ۔ انہوں نے کے سی آر مودی اور اسدالدین اویسی کو اچھے دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی مفاد پرستی کیلئے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات پر اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے تائید کی وجوہات پیش کرنے کا اسد اویسی سے مطالبہ کیا ۔ حیدرآباد 15 کے منجملہ 10 اسمبلی حلقوں پر کامیابی کیلئے تمام حلقوں میں پدیا ترا کرنے کی انجن کمار یادو کو ہدایت دی ۔ صدر سٹی کانگریس انجن کمار یادو نے کہا کہ شہر ہو یا اضلاع ہر طرف مخالف ٹی آر ایس پر چل رہی ہے اور عوام کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل کے بعد شہر کے بیشتر حلقوں پر کانگریس و حلیفوں کا قبضہ ہوجائیگا ۔ یہاں تک کہ پرانے شہر میں بھی کانگریس بہتر مظاہرہ کریگی اور کامیابی حاصل کرنے طاقتور امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتاریگی ۔ کانگریس سیکولر جماعت ہے جو کبھی فرقرہ پرستوں سے سمجھوتہ نہیں کریگی ۔