۔95 ہزار پولیس اہلکار تعینات ۔ اڈیشنل ڈی جی پی کا بیان
حیدرآباد۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں رائے دہی کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں اور 31 اضلاع میں 95 ہزار پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر جیتندر نے میڈیا کو بتایا کہ 7 ڈسمبر کو رائے دہی کے موقع پر پولیس نے خصوصی بندوبست کیا ہے جس میں ریاستی پولیس کے 50 ہزار پولیس کے عملہ کے علاوہ 6 پڑوسی ریاستوں کے 20 ہزار پولیس عملہ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم 25 ہزار نیم فوجی دستوں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ مسٹر جیتندر نے کہا کہ انتخابات کے اعلامیہ جاری ہونے کے بعد سے اب تک پولیس نے 93 کروڑ روپئے سے زائد نقد رقم اور 4 لاکھ لیٹرس سے زائد شراب ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 11,862 غیرضمانتی وارنٹ کی تعمیل کی گئی ہے اور 8482 لائسنس یافتہ اسلحہ کو جمع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے موقع پر خصوصی فلائنگ اسکواڈ اور چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ ماؤسٹ متاثرہ مقامات میں اسپیشل پولیس ٹیموں کی جانب سے گشت میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری پولیس فورس کے بندوبست کے پیش نظر انہیں امید ہے کہ عام انتخابات کا مرحلہ بغیر کوئی خوشگوار واقعہ کے اختتام کو پہونچے گا۔