تلنگانہ اسمبلی کی تحلیل کا آج اعلان

پرگتی بھون میں کابینی اجلاس کی طلبی ، دوپہر میں گورنر سے چیف منسٹرکے چندرشیکھر راؤ کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کا آج یعنی 6 ستمبر کو خاتمہ ہوجانے کا قوی امکان ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ دوپہر ایک بجے پرگتی بھون میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ دیڑھ بجے چیف منسٹر راج بھون پہنچ کر گورنر سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کرسکتے ہیں۔ راج بھون سے یادگار شہیدان نامپلی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ بھون پہنچ کر پریس کانفرنس کے ذریعہ اسمبلی تحلیل کرنے کی وجہ عوام کو بتائیں گے۔ ریاست کے تمام وزراء کو حیدرآباد پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی شہر حیدرآباد میں دستاب رہنے والے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا، ارکان قانون ساز کونسل کو دوپہر تک تلنگانہ بھون تک پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر کے سی آر آج دن بھر مصروف رہے۔ شام میں انہوں نے چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی سکریٹری اسمبلی نرسمہا چاریلو حکومت کے مشیراعلیٰ راجیو شرما سے تفصیلی ملاقات کی۔ بتایا جارہا ہیکہ اس ملاقات میں چیف منسٹر نے نظم و نسق سے متعلق اہم فائلوں پر دستخط کی ہے اور انہوں نے پارٹی کے چند سینئر قائدین اور ارکان اسمبلی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انتخابات کیلئے تیار رہنے پر زور دیا۔ قبل از وقت انتخابات کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی رائے حاصل کی جس پر قائدین اور ارکان اسمبلی نے انہیں بتایا کہ گذشتہ ہفتہ دس دن کی سرگرمیوں سے انتخابات کیلئے عوام ذہنی طور پر تیار ہوگئے ہیں۔

اسمبلی حلقہ چپہ ڈنڈی کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مقامی رکن اسمبلی شوبھا کو ٹکٹ نہ دینے کی اپیل کی۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ اور ایٹالہ راجندر 7 ستمبر کو حسن آباد میں منعقد ہونے والے ٹی آر ایس کے جلسہ عام کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسمبلی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کی تیاریوں کے ساتھ ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ تمام جماعتوں کے سربراہوں اور ذمہ داروں کی نظریں تلنگانہ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے آج چند انتخابی وعدے کئے۔ سربراہ تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو 8 ستمبر کو حیدرآباد پہنچ گئے اور تلنگانہ تلگودیشم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ سیاسی حالت کا جائزہ لیں گے۔ امیدواروں کے انتخاب سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ کانگریس کے قائدین سونیا گاندھی کو تلنگانہ میں دورہ کرانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 14 ستمبر کو نظام آباد، کریم نگر میں جلسہ عام منعقد کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ 12 یا 15 ستمبر کو تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی قائدین سے ملاقات کریں گے اور محبوب نگر میں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے 50 دن میں 100 جلسے منعقد کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی ہے۔ 7 ستمبر کو حسن آباد سے اس کا آغاز ہورہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کے سی آر ریاست میں قبل از وقت انتخابات کراتے ہوئے لوک سبھا کے انتخابات کیلئے تھرڈ فرنٹ کی تشکیل میں مصروف ہوجانا چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس امیدواروں کی پہلی فہرست بھی تیار کرلی ہے جس کا بہت جلد اعلان کریں گے یا جلسوں کے ذریعہ امیدواروں کا بھی اعلان کرسکتے ہیں۔ ریاست میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوچکے ہیں۔ کانگریس نے آج شام سابق ریاستی وزیر ایم مکیش گوڑ کی قیامگاہ پر اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جس میں پارٹی کے تمام سینئر قائدین نے شرکت کی ہے۔