عوامی حمایت پر اظہارِ تشکر ، حکومت کی چوتھی سالگرہ پر ’صاف نیت ، صحیح وکاس‘کے زیرعنوان وزیراعظم مودی کے ٹوئیٹس
نئی دہلی۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر آج اس کے کارناموں کی فہرست بیان کی اور کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران ترقی ایک فعال و سرگرم تحریک بن گئی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’2014ء میں آج ہی کے دن ہم نے ہندوستان میں تبدیلی پر کام کے لئے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’گزشتہ چار سال کے دوران ترقی ایک عوامی تحریک بن گئی جس میں ملک کے ہر شہری سرگرمی کے ساتھ شامل رہا۔ 125 کروڑ ہندوستانی، ہندوستان کو عظیم بلندیوں پر پہونچا رہے ہیں‘‘۔ وزیراعظم نے ’’صاف نیت ، صحیح وکاس‘‘ کے زیرعنوان اپنے ٹوئٹس میں حکومت کے کارنامے بیان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’اپنے ان تمام ہم وطن ساتھیوں کے آگے سر بہ خم ہوتا ہوں جنہوں نے ہماری حکومت پر غیرمتزلزل اتحاد کا اظہار کیا۔ ان کی یہ حمایت اور وابستگی ساری حکومت کے لئے حرکت و استحکام کا سب سے بڑا ذریعہ ہے‘‘۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اس عزم، جوش و خروش کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔ مودی نے لکھا کہ ’’ہمارے لئے ہندوستان ہمیشہ ہی سب سے پہلے اور اولین ترجیح رہا ہے ۔ اس دوران بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے خوشنودی اور خاندانی وراثت کی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے ترقی کی سیاست کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ امیت شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران این ڈی اے حکومت کے چار سال کی تکمیل پر اس کے کارناموں کی تفصیلات بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر 2016ء کئے گئے سرجیکل حملوں کے ذریعہ حکومت نے ملک کے دشمنوں سے مقابلہ کے لئے اپنے سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی نے خاندانی سیاست ، ذات پات، طبقہ واریت اور خوشنودی کی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے ترقی کی سیاست کو فروغ دیا۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار سنبھالنے کے اندرون ایک سال فوج میں ایک رتبہ ایک وظیفہ جیسے دیرینہ تصفیہ طلب مسئلہ کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن کے انسداد کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل جیسے متعدد اقدامات کئے گئے۔ کالا دھن 2014ء کی انتخابی مہم میں بی جے پی کا ایک اہم انتخابی موضوع تھا۔
وزیراعظم مودی کو عوام سے
کارکردگی پر رائے مطلوب!
نئی دہلی ، 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی عوام سے جاننا چاہتے ہیں کہ وہ اُن کی حکومت کے بارے میں کیا سوچتے ہیں جس نے آج اپنی میعاد کے چار سال مکمل کئے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے NaMo ایپ پر جاری سروے میں حصہ لینے کیلئے عوام سے اپیل کی ہے۔