حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے کئے گئے دھاوؤں کے بعد پھیلی سنسنی ختم ہی نہ ہوئی تھی کہ تاریخی مکہ مسجد میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع نے عوام میں تشویش پیدا کردی۔ تفصیلات کے بموجب آج شام 6 بجے نامعلوم شخص نے حسینی علم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس عہدیدار کو بذریعہ فون یہ اطلاع دی کہ اُس نے تاریخی مکہ مسجد میں بم نصب کیا ہے اور وہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ اس اطلاع کے فوری بعد انسپکٹر حسینی علم مسٹر جی شیام پرساد فوری حرکت میں آگئے اور مکہ مسجد پہونچ کر اپنے عملہ کے ساتھ جامع تلاشی لی۔ اسی دوران پولیس نے بم ڈسپوزل ا سکواڈ کو بھی طلب کرلیا جس نے مکہ مسجد کے تمام حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران مسجد میں موجود عوام کو وہاں سے ہٹادیا اور احاطہ مسجد کا مکمل محاصرہ کرتے ہوئے تلاشی لی گئی۔ بم کو ناکارہ بنانے والی ٹیم کے ارکان نے عصری آلات کے ذریعہ تاریخی مکہ مسجد کے احاطہ کا مکمل طور پر معائنہ کیا۔ پولیس کی یہ کارروائی شام 6 بجے تا 8 بجے جاری رہی جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و ہراس دیکھا گیا۔ دو گھنٹے کی مسلسل تلاشی کے بعد بم رکھنے کی یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی جس پر پولیس اور عوام نے راحت کی سانس لی ۔ پولیس حسینی علم اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے اور نامعلوم شخص کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے جس نے بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع دی تھی ۔