بی جے پی کے مضبوط قلعہ میں بی ایس پی اور ایس پی اتحاد نے ڈالی دراڑ۔ گورکھپور اور پھلپور سے ایس پی امیدوار کی بھاری جیت

اترپردیش۔ بی جے پی کی برسراقتدار ریاست اترپردیش میں چہارشنبہ کے روز سماج وادی پارٹی پھلپور پارلیمانی حلقہ پر تاریخ ساز کامیابی درج کرائی ہے ‘ مذکورہ سیٹ سے ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کے استعفیٰ کے بعد ضمنی الیکشن کا اعلان کیاگیاتھا ‘ اسی طرح گورکھپور جو کہ پچھلے پانچ دہوں سے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کے مضبوط قلعہ کا طور سے جانا جاتا تھا وہاں پر بھی مایاوتی او راکھلیش یادو کے اتحاد نے بی جے پی کو شکست کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔

یقینی طور پر اترپردیش کی دولوک سبھاسیٹوں پر نتائج چونکا دینے والے ہیں کیونکہ گورکھپور میں چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے بہ نفسہ نفیس گیارہ سے زائد انتخابی ریالیوں سے خطاب کیاتھا‘ اور گورکھپور سیٹ پر بی جے پی کی کامیابی کو اپنی وقار کی لڑائی بنائے ہوئے تھے۔

پھلپورمیں سماج وادی پارٹی امیدوار نے59,613ووٹوں کی اکثریت سے جیت حاصل کی ہے جو ریاست کے موجودہ سیاسی حالات میں سماج وادی پارٹی کی ایک بڑی کامیابی مانا جارہا ہے۔ اترپردیش ملک کی ان بڑی ریاستوں میں شمار کی جاتی ہے جہاں پر 80لوک سبھا سیٹیں ہیں اور بی جے پی نے 2014کے لوک سبھا الیکشن میں نریندر مودی کو وزیر اعظم امیدوار بنانے کے بعد اترپردیش کی 80میں سے 70سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بہوجن سماج وادی پارٹی کی حمایت کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے امیدوار ناگیندر سنگھ پٹیل بی جے پی امیدوار کاشلیندر سنگھ پاٹل کو 59000ووٹوں سے شکست دیکر پھلپور لوک سبھا حلقہ پر سماج وادی پارٹی کا جھنڈہ لہرایا ہے۔

آخری جانکاری حاصل ہونے تک بھی گورکھپور لوک سبھا حلقہ سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار پروین کمار نشد 20ہزارووٹوں کی اکثریت سے آگے چل رہے تھے جبکہ بی جے پی امیدوار دوسرے نمبر تھے۔ دونوں لوک سبھا سیٹوں پر کانگریس پارٹی کے امیدواروں اپنی ضمانت بھی نہیں بچاسکے۔

اور بعد میں اس بات بھی جانکاری ملی کی سماج وادی پارٹی کی امیدوار پروین کمار نشد نے 21ہزارووٹوں سے جیت حاصل کرلی۔ نتائج کے اعلان کے ساتھ چیف منسٹر اترپردیش نے کہاکہ ہم عوام کے فیصلے کو دل سے قبول کرتے ہیں۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے جیت حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی او رکہاکہ سال2019کے لئے جو ایس پی اور بی ایس پی جو اتحاد کی پہل ہوئی ہے اس کا مقصد ریاست کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔

چہارشنبہ کے روزووٹنگ کی گنتی کی شروعات سے ہی گورکھپور اور پھلپور لوک سبھا حلقہ سے غیرمتوقع نتائج دیکھائی دے رہے تھے ۔سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے اترپردیش کے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی تاریخی جیت کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہاکہ میں پھلپو راو راترپردیش کی عوام کا شکر گذارہوں اور میں مایاوتی جی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں ۔