بی ایس پی سربراہ مایاوتی مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حمایت کرے گی

نئی دہلی ۔بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی کی جانب سے ریاست میں کانگریس کی مدد کا اعلان کرنے کے بعد اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت تشکیل دے رہی ہے۔

مایاوتی نے کہاکہ’’ چھتیس گڑھ‘راجستھان‘ مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں کے نتائج بتاتے ہیں کہ وہاں کے لوگ بی جے پی اور اس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہیں اور متبادل کے طور پر انہوں نے کانگریس کا انتخاب کیاہے‘‘۔

مدھیہ پردیش میں ووٹوں کی گنتی کے بعد ایک اعلان میں انہو ں نے کہاکہ بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے پارٹی نے کانگریس کی مدد کا اعلان کیاہے۔

مایاوتی نے کہاکہ’’حالانکہ کانگریس کی بہت ساری پالیسیوں سے ہم اتفاق نہیں کرتے مگر ہم نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کا ساتھ دیں گے اور ضرورت پڑتی ہے تو راجستھان میں بھی کانگریس کے ساتھ کھڑے ہونگے‘‘۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد کانگریس 230اراکین کی اسمبلی میں 116کی اکثریت سے تھوڑا دور ہے۔

بی جے پی نے 109پر جیت حاصل کی جبکہ بی ایس پی دو اور سماج وادی پارٹی نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کی۔ جبکہ 4ازاد امیدواروں کو بھی جیت ملی۔