پاکستانی فائرنگ سے دو افراد ہلاک، دیگر دو زخمی
جموں۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف نے آج کہا کہ اس نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پاکستانی نیم فوجی دستوں کے کم سے کم 15 سپاہیوں کو ہلاک کردیا جبکہ سرحد پار سے آج کی جانے والی شلباری اور فائرنگ کے نتیجہ میں ہندوستانی علاقہ میں دو عام شہری (سویلیئنس) ہلاک ہوگئے۔ جموں و کشمیر کے اضلاع کتھوا، پونچھ اور راجوری میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی فوج نے شہری علاقوں اور سرحدی سکیورٹی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے خود کار اسلحہ کے ذریعہ مورٹار شلس برسائے اور فائرنگ کی۔ بی ایس ایف نے کہا کہ فائرنگ اور شلباری میں استعمال شدہ اسلحہ اور گولہ بارود سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اپنے نیم فوجی رینجرس کی مدد کررہی ہے۔ بی ایس ایف نے کہا کہ ہندوستان کی جوابی کارروائی میں 21 اکٹوبر سے تاحال 15 پاکستانی رینجرس ہلاک ہوگئے ہیں۔ بی ایس ایف کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ارون کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک سرحد کی دوسری جانب ہلاکتوں کا تعلق ہے اور جو ہمارے لوگوں نے اپنی آنکھ اور آلات سے دیکھا ہے کانسٹیبل گرنام سنگھ کے خفیہ نشانہ باز حملے کے بعد سے تاحال 15 پاکستانی سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شلباری اور فائرنگ کا بی ایس ایف نے منہ توڑ جواب دیا۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ پاکستانی رینجرس نے گزشتہ روز شام 5 بجکر 20 منٹ پر بلا اشتعال بھاری فائرنگ اور شلباری کی ۔ جموں کے کتھوا سیکٹر میں شروع کی گئی یہ فائرنگ ہیرا نگر اور سامبا سیکٹر تک پھیل گئی۔ بی ایس ایف کی 24 چوکیوں کے علاقہ میں آج صبح 5 بجے تک جاری رہی۔ جموں کے ڈپٹی کمشنر سمرندیپ سنگھ نے کہا کہ پاکستان شلباری میں آج ایک شخص پولواما سیکٹر کے کوپور بیلٹ میں ہلاک ہوگیا۔ دوسرا عام شہری آر ایس پورا سیکٹر میں زخمی ہوگیا۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ ضلع پونچھ کے میندھر سیکٹر کے تحت گوہلاد گائوں میں پاکستانی شلباری سے ایک 50 سالہ خاتون عظمی بی ہلاک ہوگئی۔ اس علاقہ میں ایک دوسرا شخص زخمی ہوگیا۔