بیشتر دہشت گرد حملوں کا مبدا پاکستان : راجناتھ سنگھ

جئے پور ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پاکستان پر الزام عائد کیا کہ ہندوستان پر بیشتر دہشت گرد حملے پاکستانی سرزمین سے کئے گئے ہیں۔ اگر پڑوسی ملک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے تو اس کا انسداد ہوسکتا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنا چاہئے ورنہ جنوبی ایشیاء کے علاقہ میں امن اور استحکام پیدا نہیں ہوسکتا اور نہ باہمی تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ حکومت ہند پاکستان کی تائید کرے گی اور وہ دہشت گردوں اور ان کی تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ وہ مخالف دہشت گردی کانفرنس کے دوسرے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام انڈیا فاونڈیشن نے حکومت راجستھان کے تعاون سے کیا تھا۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے لئے ممبئی اور پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے نمایاں اہمیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ماحول میں تبدیلی آئی۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کا چیلنج اس وقت مزید شدید ہوجاتا ہے جبکہ بعض مملکتیں اس کو اپنی خارجہ پالیسی کا اعلیٰ کار بنا لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اور برے دہشت گردوں میں فرق کیا جاتا ہے۔ جب مملکتیں پوشیدہ طور پر نوجوانوں کے گروہوں کو مہلک ہتھیاروں سے اور اجتماعی تباہی کے اسلحہ کے نظام سے آراستہ کرتی ہیں تو درحقیقت وہ ان کے جغرافی ۔ سیاسی ایجنڈہ کو فروغ دیتی ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ جب تک بعض ممالک دہشت گردی کو اپنے ایجنڈہ کو فروغ دینے کیلئے آلہ کار کے طور پر استعمال کرتی رہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختہ ارادہ نہیں ہوسکتا۔ ملک کو تنہا دہشت گردوں کے حملہ کے خلاف چوکسی کی ہدایت دینے کے بعد مرکزی وزیرداخلہ نے آج کہا کہ ایسے دہشت گردوں سے ملک کو سنگین خطرہ لاحق ہے جو بم سازی اور خودکش حملے بھی کرسکتے ہیں۔

اپنے دہشت گرد حملوں کیلئے انٹرنیٹ استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی طاقت اور نظریاتی تحریک کے ذریعہ دولت اسلامیہ اور القاعدہ جیسے دہشت گرد گروپ پہلے ہی انٹرنیٹ پر اپنا لٹریچر شائع کررہے ہیں جن میں بم سازی اور خودکش حملوں کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اس سے تنہا دہشت گردوں کے خطرہ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ایسے تمام امکانات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ غیرقانونی معلومات اور سرگرمیاں سائبر اسپیس میں  بڑھتی جارہی ہیں اور اس سے دنیا بھر میں تنہا دہشت گردوں کی مدد ہورہی ہے۔ انہوں نے صیانتی محکموں پر زور دیا کہ لفظ داعش استعمال کریں۔ جب بھی انہیں آئی ایس آئی ایس کے دہشت گرد کاموں اور دہشت گردوں کا حوالہ دینا ہو انہوں نے کہا کہ سائبر دنیا کا دہشت گرد گروپس کی جانب سے استحصال سنگین فکرمندی کی وجہ ہے۔
اس طرح وہ ہمارے ملک کے بھولے بھالے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانا چاہتے ہیں۔ کئی ماہرین صیانت اور دانشور یہاں موجود ہیں۔ میں ان سب سے اپیل کرتا ہوں کہ مستقبل میں دولت اسلامیہ کے بجائے لفظ داعش استعمال کریں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہندوستان نے کئی اقدامات کئے ہیں اور کئی حکمت عملیاں اختیار کی ہیں تاکہ بنیاد پرست نظریہ کا مقابلہ کیا جاسکے۔ صیانتی محکموں نے بھی بعض افراد کے خلاف جن کا ربط دہشت گرد تنظیموں سے تھا کارروائی کی ہے۔