بہت زیادہ میک اپ، نوجوان لڑکی کو بس سے اُتار دیا گیا

لندن 29 ڈ سمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ایشیائی نوجوان لڑکی کو خاتون بس کنڈکٹر نے اپنی بس سے اِس لئے اُتار دیا کیوں کہ اِس لڑکی نے بہت زیادہ میک اپ کر رکھا تھا اور اس کے پاس سفر کیلئے بچوں کی ٹکٹ تھی۔ یہ واقعہ زہرہ صادق نامی لڑکی کے ساتھ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق اس 15 سالہ لڑکی نے کہاکہ گزشتہ ہفتہ برمنگھم میں جب وہ نیشنل اکسپریس بس میں سفر کررہی تھی تو بس کی خاتون کنڈکٹر نے مجھ سے ٹکٹ طلب کرتے ہوئے میری عمر دریافت کی جس پر میں نے کہاکہ میں 15 سال کی ہوں تو خاتون کنڈاکٹر نے کہاکہ تمہارا میک اپ دیکھو اور تم 15 سالہ کی بچی نظر نہیں آتی اور یہ ٹکٹ غیر کارکرد ہے۔ زہرہ صادق نے مزید کہاکہ میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ خاتون کنڈاکٹر میری ٹکٹ دیکھنے کے بعد نہ صرف مجھے بس سے اُتار دے گی بلکہ مجھ پر 35 پاؤنڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ لڑکی نے کہاکہ وہ 22 ڈسمبر کو اپنے دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے جارہی تھی لیکن بس سے اُتار دیئے جانے کے سبب اسے پیدل ہی سفر کرنا پڑا۔ زہرہ صادق نے مزید کہاکہ میں صرف 15 برس کی ہوں اور مجھے بس سے اُتار دیا گیا تو میں تنہا ہونے کے علاوہ خوفزدہ بھی ہوگئی تھی۔ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زہرہ نے کہاکہ اگر میرے پاس پیدائش کا سرٹیفکٹ یا پاسپورٹ ہوتا تو میں ضرور بتاتی اور میں سمجھتی ہوں کہ اب مجھے اپنے فون میں اِس کی ایک نقل رکھنی چاہئے تاکہ لوگوں کو دکھاسکوں۔